وزیراعظم کی موسم گرما میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : وفاقی کابینہ کی کمیٹی نے توانائی کے متبادل ذرائع پر انحصار بڑھانے کا فیصلہ کرلیا، وزیراعظم نے موسم گرما میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی صدارت میں کابینہ کی توانائی کمیٹی کے اجلاس میں خزانہ، پانی و بجلی، پیٹرولیم، منصوبہ بندی کمیشن اور ریلوے کے وزراء اور حکام نے شرکت کی۔
وزارت پانی و بجلی کے حکام نے توانائی کے جاری منصوبوں پر کام کی پیشرفت سے آگاہ کیا، وزیراعظم کو بتایا گیا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو ریلیف ملا ہے۔
اجلاس میں توانائی کے متبادل ذرائع پر انحصار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا، وزیراعظم نے قلیل مدت منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ توانائی کے بڑے منصوبے بھی مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں، موسم گرما میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔ سماء