اسٹاک مارکیٹ میں نئے سال کے پہلے دن تیزی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئے سال کے پہلے ہی روز سرمايہ کار سرگرم ہوگئے، کاروبار کے دوران 100 انڈيکس ميں 900 پوائنٹس کا اضافہ ديکھا گيا۔

سال نو کے پہلے ہی دن پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان رہا، سرمایہ کار سرگرم رہے اور 100 انڈیکس 926 پوائنٹس (2.5 فیصد) اضافے سے 38 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا تاہم کاروبار کا اختتام 900 پوائنٹس کے اضافے سے 37 ہزار 995 پوائنٹس پر ہوا۔

گزشتہ دو ماہ کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں ایک دن میں یہ ریکارڈ اضافہ ہے، اس سے قبل 26 اکتوبر 2018ء کو اتنا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

گزشتہ ہفتے سابق صدر، چیئرمین پیپلزپارٹی، وزیراعلیٰ سندھ سمیت کئی سیاستدانوں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کئے جانے کی خبر کے اسٹاک مارکیٹ پر شدید منفی اثرات پڑے اور انڈیکس 10 ماہ کی کم ترین سطح تک گر گیا تھا۔

سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی جے آئی ٹی رپورٹ 173 افراد کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں ملوث قرار دیا گیا تھا، جس پر وفاقی حکومت نے تمام افراد کے نام ای سی ایل میں ڈال کر ان کے ملک سے باہر جانے پر پابندی عائد کردی تھی۔

ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف پیکیج کے باعث غیر یقنی صورتحال کا سامنا ہے، اس میں تاخیر کے باعث سرمایہ کار مارکیٹ میں بڑی سرمایہ کاری سے گریز کرتے رہے جبکہ پورا سال غیر ملکی سرمایہ کار اپنے شیئر فروخت کرتے رہے۔

ماہرین کے نزدیک نئے سال کا مطلب نئے فنڈز مختص ہونا ہے اور انڈیکس کے 37 ہزار پوائنٹس کی سطح تک گرنے کے باعث شیئرز کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے زیادہ خریداری ہورہی ہے۔

ماہرین کہتے ہیں کہ یہ اضافہ عارضی ہے کیونکہ معاشی معاملات مستقبل قریب میں بہتر ہوتے نظر نہیں آرہے۔ پاکستان کو سالاںہ خسارے اور تجارتی نقصان کے دوہرے چیلنج کا سامنا ہے، حکومت اپنی آمدن سے زیادہ خرچ کررہی ہے، ملک میں ایک ڈالر آتا ہے تاہم ہم 2 خرچ کرتے ہیں۔

PSX

100 Index

Tabool ads will show in this div