اٹک؛ نامعلوم افراد خزانے کی تلاش میں قدیمی قبریں کھودنے لگے

پنجاب کے ضلع اٹک میں نامعلوم افراد نے خزانے کی تلاش میں قدیمی قبریں کھودنا شروع کردیا ہے۔ گزشتہ روز رات کی تاریکی میں بزرگ کی 500 برس پرانی قبر کھودی گئی۔ علاقہ مکینوں کے ہاتھوں ایک ملزم مارے جانے کے باجود قبریں کھودنے کا سلسلہ نہ رک سکا۔
سماء ٹی وی کے نمائندہ فاروق بخاری کے مطابق اتوار اور پیر کے درمیانی شب نامعلوم افراد نے پیرداد کے قدیمی قبرستان میں ایک بزرگ کی 500 برس پرانی قبر کھود ڈالی ہے۔ نامعلوم ملزمان نے قبر کی 10 فٹ کھدائی کی ہے جس کے باعث انسانی ہڈیاں نظر آنے لگی ہیں۔
علاقہ مکینوں کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر قبر کو دوبارہ بند کرکے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ اس علاقے میں قبر کھودنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ یہاں کسی نے یہ افواہ اڑائی ہے کہ قدیمی قبروں میں بزرگ اپنی دھن دولت کے ساتھ دفن ہوتے تھے جس پر آئے روز نامعلوم افراد خزانوں کی تلاش میں پرانی قبریں کھودتے رہتے ہیں۔
گزشتہ ماہ ایک قبر کی کھدائی کے دوران علاقہ مکینوں نے دیکھا اور ملزم کو پکڑ کر موت کے گھاٹ اتار دیا جس کے باجود قبروں کی کھدائی کا سلسلہ نہ رک سکا۔
حالیہ واقعے کے بارے میں علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ ایک بزرگ کی 500 برس پرانی قبر تھی جو اپنے وقت کے نیک آدمی کے طور پر مشہور تھے۔ اس لیے یہ علاقہ ہی ان کے نام سے منسوب ہوگیا۔
دوسری جانب قبروں کی بے حرمی پر علاقہ مکینوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے اور ملزم کی عدم گرفتاری پر پولیس کے خلاف احتجاج بھی کر رہے ہیں۔