نیویارک میں سڑک قائداعظم کے نام سے منسوب

پاکستانی نوجوانوں کی کوششوں سے امریکی شہر نیویارک میں ایک سڑک بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے نام سے منسوب کردی گئی۔

قائداعظم سے منسوب کی جانے والی سڑک نیویارک کے علاقے بروکلین کی کونی آئی لینڈ ایونیو میں واقع ہے۔

سڑک کو بانی پاکستان کے نام سے منسوب کیے جانے کا اعلان پاکستانی امریکن یوتھ آرگنائزیشن کے صدر وکیل احمد نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کرتے ہوئے کہا کہ  ہم بے حد خوش ہیں کہ ہماری محنت رنگ لے آئی ہے۔

وکیل احمد نے اس موقع پر کونی آئی لینڈ کو ’لٹل پاکستان‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی تنظیم کے اراکین نے کونی آئی لینڈ کی سرکاری طور پر پہچان کروانے کے لیے طویل عرصے تک کام کیا ہے۔

 یاد رہے کہ کونی آئی لینڈ ایونیو کی سڑک کو قائداعظم محمد علی جناح کے نام سے منسوب کرنے کی قرارداد 26 دسمبر کو نیویارک کونسل میں منظور ہوئی۔

یہ قرارداد نیویارک کونسل بروکلین کے ممبر جمانے ولیمز نے پیش کی تھی، جسے بھاری اکثریت سے منظور کرلیا گیا۔ اس موقع پر جمانے نے کہا کہ ہم کونسل کے فیصلے سے خوش ہیں، یہ پاکستانی-امریکن کمیونٹی کے ساتھ ساتھ پاکستانیوں کے لیے بھی ایک تحفہ ہے۔

نیویارک کونسل انتظامیہ کے مطابق ’محمد علی جناح وے‘ کا باقاعدہ افتتاح آئندہ ماہ کیا جائے گا۔

Qauid e Azam

Tabool ads will show in this div