کیا آپ نے تندور میں تیار کیا جانے والا تندوری پیزا کھایا ہے ؟
اوون کا پيزا ہوا پرانا اب تندوري پيزا کا زمانہ ہے جس نے ملتانیوں کے دل جیت لیے ہيں اس تندوری پیزا کو کیسے تیار کیا جاتا ہے ۔
ملتاني اب تندور میں تیار کیا جانے والا تندوری پیزا کھائیں گے، ملتان میں چکن اچاری پیزا، باربی کیو پیزا ، ویجیٹیبل پیزا سب ملتا ہے دیسی اسٹائل سے تیار اس منفرد پیزا نے شہریوں کی توجہ حاصل کرلي ہے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ اوون کے پیزے تو بہت کھائے ہیں، یہ تندور کا پیزا ہے۔ ملتان میں نئي چیز ہے، بڑا زبردست نیچرل ٹیسٹ ہے، ہم نے بہت جگہ سے پیزا کھایا ہے لیکن یہاں پر جو تندوری پیزا کھایا ہے، ایسا پہلے کہیں نہیں کھایا۔
میدے سے تیار نان پر 12 مصالحوں کا تڑکا لگا کر چکن شامل کیا جاتا ہے پھر کشمیری مرچ ، ادرک اور چیز لگانے کے بعد اسے تندور میں پکایا جاتا ہے اور پھر گرما گرم تندوری پیزا تيار ہوتا ہے۔
دکان مالک عابد رضا کا کہنا تھا کہ ملتان میں ہم نے تندوری پیزا متعارف کروایا۔ اس کے ہم نے پانچ سات فلیورز بنائے ہیں، باربی کیو، چکن اچاری، چاکلیٹ، ویجیٹیبل ہے اور ملتان کے لوگ بہت لائیک کررہے ہیں۔
تندوری پیزا اپنے منفرد ذائقے اور دیسی انداز کے باعث چٹ پٹے پکوان کے شيدائيوں کی پسند بن چکا ہے ۔