پاکستان اور برطانیہ میں قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ ہوگیا
پاکستان اور برطانیہ کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ دوبارہ ہوگیا ہے جس کے تحت دونوں ممالک کے جیلوں میں قید سزا یافتہ مجرمان کا تبادلہ ہوسکے گا۔
دونوں ممالک کے درمیان پہلے بھی یہ معاہدہ ہوا تھا تاہم سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اسے ختم کردیا۔ جمعرات 27 دسمبر کو برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو اور پاکستان کے سیکریٹری داخلہ نے نظرثانی شدہ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرتے ہوئے معاہدہ دوبارہ فعال کردیا ہے۔
برطانوی سفارت خانہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ معاہدہ دونوں ممالک کے مابین مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
اس سے قبل 17 ستمبر کو برطانوی سکریٹری داخلہ ساجد جاوید نے اعلان کیا تھا کہ دونوں ممالک قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ دوبارہ فعال کریں گے تاکہ سزا یافتہ مجرمان اپنے ملک میں اہل خانہ کے قریب اپنی سزائیں پوری کرسکیں۔