پانچ سال میں 16ہزار ’دہشتگرد‘ گرفتار، 376 کو سزائے موت

Dec 22, 2018
 

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ  (سی ٹی ڈی) نے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران دہشت گردی میں ملوث گرفتار افراد کی رپورٹ تیار کرلی ہے جس کے مطابق 5سال میں 16 ہزار سے زائد افراد دہشت گردی کے الزام میں گرفتار ہوئے اور376 افراد کو پھانسی کی سزا ہوئی۔ سی ٹی ڈی نے تفصیلی رپورٹ وزارت داخلہ میں جمع کرادی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ان پانچ سالوں میں 16 ہزار 22 افراد کو دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے پرگرفتار کیا گیا۔ سب سے زیاد گرفتاریاں پنجاب میں ہوئیں جہاں سے دس ہزار نو سو تریانوے افراد پکڑے گئے۔

سندھ میں دو ہزار سات سو اٹھائیں افراد گرفتار کئے گئے۔ خیبرپختونخواہ میں ایک ہزار نو سو ستاسٹھ جبکہ بلوچستان میں ایک سو سنتالیس افراد کو گرفتارکیا گیا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اکسٹھ جبکہ گلگت بلتستان سے ایک سو چھبیس افراد کو حراست میں لیا گیا۔

سی ٹی ڈی رپورٹ کے مطابق گرفتار افراد میں سے پچیس سو سے زائد کو مختلف عدالتوں سے سزائیں ہوئیں جن میں سے تین سو چھہتر کو دہشتگردی کے جرم میں پھانسی بھی دی گئی۔