دی لیجنڈ آف مولاجٹ کا دھماکے دارٹریلرریلیزہوتے ہی چھاگیا

فواد خان اور ماہرہ خان کی نئی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کا ٹریلرگزشتہ روز ریلیزکردیا گیا۔ یہ پہلی پاکستانی فلم ہے جو بیک وقت پاکستانی سینماؤں کے ساتھ ساتھ چین میں بھی ریلیزکی جائے گی۔

سال 1979 میں کامیابیوں کے نئے ریکارڈ قائم کرنے والی پاکستان فلم انڈسٹری کی سپرہٹ فلم ’’مولا جٹ ‘‘ کے اس ری میک میں فواد خان مولا جٹ جبکہ حمزہ علی عباسی نوری نت کا کردار ادا کریں گے جبکہ ماہرہ خان مکھو جٹی کے روپ میں نظر آئیں گی۔علی عظمت اور گوہر رشید بھی اہم کردارنبھا رہے ہیں۔

شوبز کے جگمگاتے ستاروں سے سجی اس فلم کا پہلا ٹریلر ریلیز ہوتے ہی چھاگیا۔ دو منٹ 23 سیکنڈ دورانیہ پرمشتمل اس ٹریلر میں بھرپور ایکشن دکھایا گیا ہے۔ یہ پاکستان فلم انڈسٹری کی مہنگی ترین فلم قراردی جا رہی ہے اور ٹریلر سے اس بات کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے۔

ٹریلر ریلیز ہونے کے فوری بعد ہی ٹوئٹرٹاپ ٹرینڈز میں آگیا۔ نہ صرف پاکستان بلکہ پڑوسی ملک بھارت میں ماہرہ اور فواد کے مداح مختلف ہیش ٹیگز سے اسے سرچ کرتے رہے۔

ڈائریکٹر بلال لاشاری کی اس فلم میں ٹی وی اسکرین کی مشہورجوڑی ماہرہ خان اور فواد خان پہلی بار بڑے پردے پر نظر آئے گی۔ دیگراداکاروں میں حمزہ علی عباسی، حمیمہ ملک، شفقت چیمہ، گوہر رشید، فارس شفیع، نیراعجاز، علی عظمت اور دیگر شامل ہیں۔

فلم جون 2019 میں عید الفطر کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

ماہرہ، حمیمہ، فواد اور حمزہ علی عباسی کو لیگل نوٹس مل گیا

بغیر اجازت فلم بنانے پرمولا جٹ کے پروڈیوسرسرور بھٹی اور باہوفلمز کارپوریشن نے گزشتہ سال اکتوبر میں پروڈیوسرزاوراداکاروں کو قانونی نوٹس بھی بھجوایا تھا۔ لیگل نوٹس میں کہا گیاکہ قانونی طور پر فلم کے حقوق ہمارے پاس ہیں۔ فلم کے کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی نہ کی جائےاورفلم کے کہانی نگار ناصر ادیب سے اس کے حقوق خریدے جائیں۔

واضح رہے کہ سال 1979 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’مولا جٹ ‘‘ میں یہ منفی کردارسلطان راہی نے نبھایا تھا۔ فلم کا ایک ڈائیلاگ ’’مولے نوں مولا نہ مارے تے مولا نئیں مرسکدا‘‘ زبان زدعام ہوا۔ سلطان راہی نے مولا جٹ کا کردار اتنا بخوبی نبھایا کہ یہ ان کی پہچان بن گیا تھا۔

ہدایتکاریونس ملک کی یہ فلم لاہورکے گلستان سینما میں مسلسل 130 ہفتے چلی جبکہ اوّلین نمائش کے دوران مجموعی طور پر 310 ہفتوں تک بڑے پردے پر دکھائی گئی۔فلم کی نمائش کامیابی سے جاری تھی کہ آخر میں ولن نوری نتھ کے اپنی ہی ٹانگ کاٹنےکے پرتشدد منظر پراعتراض کے باعث اس پر پابندی عائد کردی گئی۔ ورنہ مولا جٹ بھارتی فلم ’شعلے‘کا مسلسل 5 سال چلنے کا ریکارڈ توڑسکتی تھی۔

CHINA

LOLLYWOOD

FAWAD KHAN

The Legend of Maula Jatt

Tabool ads will show in this div