حنیف عباسی کی بیٹی کیساتھ جو ہوا، مذمّت کرتے ہیں،مریم اورنگزیب
ن لیگی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نواز شریف پر ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت نہیں ہوسکی، تحریک انصاف کی حکومت منفی سوچ رکھتی ہے، یہ عادی جھوٹے ہیں، اس موقع پر انہوں نے حنیف عباسی کی بیٹی کے ساتھ ہونے والے واقعہ کی بھی مذمت کی۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفت گو میں ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ابھی تک نواز شریف پر ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت نہیں ہوسکی، تحریک انصاف کی حکومت منفی سوچ رکھتی ہے، یہ عادی جھوٹے ہیں، جس وقت بجلی مہنگی کرنی ہو تو نواز شریف کیخلاف بیان دے دیتے ہیں، یہ وہ پارٹی ہے جو چاہتی ہے کہ ان سے کوئی سوال کرے نہ جواب مانگے۔
خواجہ سعد رفیق سے متعلق گفت گو میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق کو بغیر ریفرنس دائر کیے گرفتار کیا گیا، سعد رفیق کا پروڈکشن آرڈر ان کا حق ہے، انہیں ان کے جمہوری حق سے محروم رکھا جا رہا ہے، مگر ہم یہ ساری سازشیں ناکام بنا دیں گے۔
گزشتہ ہفتے اریبعہ عباسی کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ پر ن لیگی ترجمان نے کہا کہ حنیف عباسی کی بیٹی کیساتھ جو ہوا اس کی مذمّت کرتی ہوں، کس قانون کے تحت آڈیو ریکارڈنگ کر کے لیک کی گئی، حنیف عباسی کی بیٹی نے استعفی دے دیا، اس طرح کے تماشے بند کیے جائیں۔