برٹش ایئر ویز نے 10 سال بعد پاکستان کیلئے پروازیں بحال کردیں

برٹش ایئر ویز نے پاکستان کیلئے 10 سال بعد براہ راست پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا۔ واضح رہے کہ سال 2008 میں اسلام آباد میں میریٹ ہوٹل حملے کے بعد برطانوی ایئرلائن نے پاکستان کیلئے پروازیں بند کردی تھیں۔
ملکی محاذ پر پاکستان کی ایک اور بڑی فتح، برطانوی ایئرلائن برٹش ایئر ویز نے پاکستان کیلئے فلائٹ آپریشن بحال کردیا۔ سال 2008 میں برٹش ایئر ویز نے سیکیورٹی صورت حال کے باعث ایئر آپریشن معطل کیا تھا۔
برطانوی سفارت کار نے کہا کہ پاکستان میں امن کی بحالی خوش آئند ہے، پاکستان میں سیکیورٹی صورت حال بہتر ہوگئی ہے، جس پر زلفی بخاری نے برطانوی حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پروازیں بحال کرنے پر برٹش ائیرویز کے شکر گزار ہیں۔
اس موقع پر پریس کانفرنس میں موجود برٹش ایئرویز کے نمائندے کا کہنا تھا کہ آئندہ سال جون سے فلائٹ آپریشن شروع کیا جائے گا، ایک ہفتے کے دوران3فلائٹس چلائی جائیں گی۔ برٹش ایئرویز کے مطابق پاکستان میں سکیورٹی صورت حال بہتر ہونے کی وجہ سے دوبارہ فلائٹ آپریشن بحال کر رہے ہیں۔
مجھے یہ اعلان کرتے ہوئےبہت خوشی ہو رہی ہے کہ برٹش ائیر ویز پاکستان میں دوبارہ پروازوں کا آغاز کر رہی ہے۔ اسلام آباد اور لندن کے درمیان براہ راست پروازیں اگلے سال جون سے شروع ہو جائیں گی۔ اس اقدام سے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ @British_Airways @ukinpakistan pic.twitter.com/V68XZyNeqM
— Thomas Drew (@TomDrewUK) December 18, 2018
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اعلان کرتے ہوئے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ برٹش ائیر ویز پاکستان میں دوبارہ پروازوں کا آغاز کر رہی ہے۔ اسلام آباد اور لندن کے درمیان براہ راست پروازیں اگلے سال جون سے شروع ہو جائیں گی۔
The dividends of decades long struggle of Pakistani nation and its security forces for restoration of peace and stability in the country are on the way. Thanks to @British_Airways for reviving its flight operations in Pakistan.@TomDrewUK#PeacefulPakistan#ہمیں_آگے_ہی_جانا_ہے
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) December 18, 2018
تھامس ڈرو کا مزید کہنا تھا کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل سنگاپور، ملائشیا، لفتھینسا، اور کیتھی پیسفک کی جانب سے پاکستان کی اس وقت کی مخدوش سیکیورٹی صورت حال پر فلائٹ آپریشن بند کرنے کا اعلان سامنے آیا تھا۔
اس سے قبل سترہ سال پہلے کراچی میں شیرٹن ہوٹل کے باہر ہونے والے دھماکوں میں فرینچ انجینیرز کی ہلاکت پر ایئرفرانس نے پاکستان کیلئے اپنی کارگو فلائٹ آپریشن معطل کیا۔ دیگر دوسری ایئرلائنز رائل ڈچ، ایس اے ای، ال اٹیلیا، جاپان ایئرلائنز اور کے ایل ایم بھی پاکستان میں فلائٹ آپریشن معطل کرچکی ہیں۔