دوست سے شرط لگانے والا نوجوان ڈوب کر جاں بحق
اٹک ميں دوست کے چيلنج پر ڈيم پار کرنے کي کوشش کرنے والا پچيس سالہ بختي خان ڈوب گيا۔
اٹک میں دوست سے تیراکی پر شرط لگانے والا نوجوان شرط پوری کرنے کے چکر میں زندگی سے ہاتھ گنوا بیٹھا۔
پولیس کے مطابق پچیس سالہ بختی خان کی دوستی سے شرط رکھی گئی تھی کہ وہ تیر کر سروایا ڈیم پار کرے گا، تاہم بختی خان یہ شرط پوری نہ کرسکا اور پانی کی بے رحم موجوں کے سامنے بے بس ہوکر ڈوب گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملنے پر غوطہ خوروں اور امدادی ٹیموں کو طلب کیا گیا، جس کے بعد بختی خان کی تلاش شروع ہوئی، تاہم امدادی ٹیموں اور غوطہ خوروں کو کوئی کامیابی نہ مل سکی، جس کے بعد حکام کی جانب سے اسلام آباد سے پاک نیوی کے غوطہ خوروں کو طلب کیا گیا۔ جنہوں نے دوسرے دن دیگر امدادی کارکنوں کے ساتھ مل کر تیس گھنٹے کی تلاش کے بعد بختی خان کی لاش پانی سے نکال لی۔
اٹک گھیپ سے تعلق رکھنے والا بختی خان اپنے دوست کے ساتھ اسی ڈیم پر ہی کام کرتا تھا۔ دو روز قبل باتوں باتوں میں مذاق کی بات بختی خان نے سنجیدہ لیتے ہوئے شرط لگا لی۔ عینی شاہدین کے مطابق ٹھنڈے موسم، پانی کے تیز بہاو اور گہرائی کے باعث بختی خان اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور عین ڈیم کے بیچوں بیچ ڈوب گیا۔