بیوی کو جوتا پہنانے پرایم ایس دھونی کو کیا کچھ سننا پڑا؟
دولت اور شہرت بھلے سے بےحساب ہو لیکن ’’ہوم منسٹر‘‘ کے آگے بڑے بڑے بےبس نظرآتے ہیں۔ سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کی اپنی بیوی کو جوتا پہناتے ہوئے تصویر کا معاملہ بھی کچھ ایسا ہی ہے۔ ساکشی تو خوش ہوں گی لیکن دھونی کے پرستار بے حد ناراض ہیں۔
دھونی کی اہلیہ ساکشی سنہا نے انسٹا پرمختلف انداز سے کچھ تصاویر شیئر کیں جن میں دھونی انہیں جوتا پہنا رہے ہیں۔ ساکشی نے کیپشن میں دھونی کیلئے لکھا کہ ’’ تم نے یہ جوتے خرید کر دیے تھے اس لیے تم ہی پہنا بھی دو‘‘۔
ساکشی کو تو یقیناً اپنے میاں جی کی اتنی فرمانبرداری بھائی ہوگی لیکن دھونی کے مداحوں کا رجحان کچھ ملا جلا رہا۔ کچھ نے اس اقدام کو بڑا ہی ’’کیوٹ‘‘ کہا تو کچھ کو آگ لگ گئی کہ ہمارے اتنے نام والے کپتان سے ان کی گھر والی یہ کیا کام کروا رہی ہے۔
دل کی بھڑاس نکالنے کیلئے سوشل میڈیا ہے نا، اس لیے تبصروں میں صارفین نے خوب لتے لیے۔
ایک صارف کو تو بھارت کے ورلڈ کپ ہارنے سے زیادہ کپ اس بات پر ہو رہا ہے کہ دھونی نے بیوی کو جوتے کیوں پہنائے۔
ساکشی سے یہ بھی پوچھا گیا کہ ایسی تصویر پوسٹ کر کے ثابت کیا کرنا چاہ رہی ہیں؟
چار جولائی 2010 کو شادی کے بندھن میں بندھنے والی اس جوڑی نے ہمیشہ یہ ثابت کیا ہے کہ ’’ہیپی میرڈ لائف‘‘ کیسی ہوتی ہے۔ کچھ عرصہ پہلے دھونی نے اہلیہ کے لیے زبردست سرپرائز برتھ ڈے پارٹی ارینج کی تھی۔
سوشل میڈیا پر ملے جلے ردعمل کے بعد دھونی کی اہلیہ نے اسی طرح کی چند اور تصاویرشیئر کرتے ہوئے وہی کیپشن دیا لیکن اس بار دھونی انہیں جوتا نہیں بلکہ بریسلٹ پہنا رہے ہیں۔