کراچی میں سی این جی کی بندش، ٹرانسپورٹرز نے حب کا رخ کرلیا

سندھ بھر میں سی این جی ناپید ہونے کے بعد ٹرانسپورٹرز نے حب کا رخ کر لیا جس سے حب کے سی این جی اسٹیشنز پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ،جب کہ دوسری طرف میں آر سی ڈی روڈ پر ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہے۔ سندھ بھر میں بدھ سے سی این جی اسٹیشنز کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کرنے کے بعد کراچی کے لوکل ٹرانسپورٹرز نے سی این جی کے حصول کے لیے اپنا رخت سفر کراچی اور بلوچستان کے سنگم پر واقع شہر حب کی طرف باندھ لیا،حب میں صبح ہی سے کراچی سے آئی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں  ہیں ،جس سے مین آر سی ڈی شاہراہ پر سفر کرنے والے شہریوں کو کافی کوفت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

گزشتہ روز اسٹنٹ کمشنر حب افتخار بگٹی کی جانب سے سی این جی مالکان کو طلب کر کے کراچی سے آنے والے گاڑیوں کو سی این جی کی فراہمی پر دی جانے والی وارننگ بھی بے سود ہی رہی اور سی این جی مالکان نے اپنی پرانی روش کو جاری رکھتے ہوئے  انتظامیہ کے تمام احکامات ہوا میں اڑا دئیے اور کراچی سے آئی ہوئی گاڑیوں کو سی این جی کی ترسیل جاری رکھی۔

اس حوالے سے حب کے مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر بار کراچی میں سی این جی بندش کے باعث روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں گاڑیاں کراچی سے حب کا رخ کرتی ہیں جن سے نہ صرف ٹریفک کے مسائل پیدا ہوتے ہیں بلکہ گاڑیوں کی ان لمبی قطاروں کی وجہ سے حب کے لوکل سی این جی صارفین کو بھی گھنٹوں گھنٹوں انتطار کرنا پڑتا ہے،شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ اس حوالے سے انتظامیہ کا کردار نہ ہونے کے برابر ہے۔

دوسری طرف ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر احمد مینگل نے سما ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سے سی این جی کے حصول کے لیے گاڑیوں کے حب آنے پرپہلے ہی پابندی عائد کی گئی ہے،کراچی سے ایک بار پھر اتنی بڑی تعداد میں گاڑیوں کا سی این جی کے لیے حب آنے کا علم نہیں تھا،ان کا مزید کہنا تھا کہ حب میں سی این جی اسٹیشنز کافی محدود ہیں جن سے حب شہر کی اپنی ضروریات پوری نہیں ہوتیں اور وہ اس مسلے پر فی الفور ایکشن لے رہے ہیں۔

واضع رہے کہ سندھ میں تین گیس فیڈرز بند ہونےکے باعث صوبے میں گیس کا بحران سنگین ہوگیا ہےجب کہ سردی بڑھنے کے سبب گھریلو صارفین کی گیس کی طلب میں بھی اضافہ ہوا ہے۔جب کہ سی این جی اسٹیشنز کی غیر معینہ مدت تک بندش پر سندھ ٹرانسپورٹ اتحاد نے بدھ سے بسیں نہ چلانے کا اعلان بھی کیا ہے۔

lasbella

CNG gas stations

local transport

Tabool ads will show in this div