اس بارپی ایس ایل میں لاہور قلندر کی کارکردگی بہترین ہوگی،محمد حفیظ
سابق کپتان محمد حفیظ نے لاہور قلندر کی قیاد ت کو چیلنج قرار دیتے ہوئے پی ایس ایل میں لاہور قلندر کی کارکردگی میں بہتری کی امید دلا دی ۔
پاکستان سپر لیگ کے پہلے تین ایڈیشن ہارنے کے بعد لاہور قلندر کی مینجمنٹ کو ہوش آہی گیا، چوتھے ایڈیشن کیلئے ٹیم کی قیادت نیوزی لینڈ کے برینڈن میکلم سے لے کر محمد حفیظ کے سپرد کردی۔
محمد حفیظ کا کہنا ہےکہ پی ایس ایل کے زیادہ میچز پاکستان میں ہونے کی وجہ سے خوش ہوں اور لاہور قلندرز کی کوشش ہے کہ سب غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی پرفارمنس پر بات نہیں کروں گا بلکہ مستقبل کی پرفارمنس پر نظر ہوگی، لاہور قلندرز کے پاس چیمپئن بننے کیلئے تمام کھلاڑی موجود ہیں۔
محمد حفیظ نے لاہور قلندرز کے تھنک ٹینک کو ٹیم کا اچھا کومبی نیشن بنانے پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ پی ایس ایل کی تمام ٹیمیں متوازن لگ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز نے ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو امید دلائی اور اس پلیٹ فارم کے ذریعے ٹیلنٹ کو سامنے لا رہے ہیں۔
محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے بتایا کہ ٹیسٹ میچز عزت اور کامیابی کے ساتھ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سے ریٹائرمنٹ کا ٹائم فریم ابھی نہیں دے سکتا۔