عمران خان کو بیوی سے پتا چلتا ہے کہ وہ وزیراعظم ہیں،مریم اورنگزیب
پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کیا سوچ اور بول رہے ہیں انہیں خود نہیں پتا ہوتا، انہیں ٹی وی دیکھ کر ڈالر کی قیمت کا اندازہ ہوتا ہے اور اپنی بیوی کے ذریعے پتہ چلتا ہے کہ وہ وزیراعظم ہیں۔
احتساب عدالت اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفت گو میں ن لیگی رہنما اور ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ الیکشن جلد ہوسکتے ہیں، عمران خان نے دو دن پہلے کہا کہ اسد عمر نے بتایا کہ ڈالر کی قدر بڑھ رہی ہے، دو دن بعد بیان دیتے ہیں ٹی وی سے پتہ چلا کی ڈالر کی قیمت بڑھ چکی ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ڈی چوک میں اساتذہ بیٹھے ہیں اور حکومتی وزیر ان کی نہیں سن رہے، حکومت کو جہانگیر ترین صاحب حکم دیں گے تو وہ اساتذہ کے پاس جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز الیکشن سے قبل اپنے والد کے ساتھ سیاست میں سرگرم تھیں، وہ کلثوم نواز کی بیٹی ہیں، تاہم گھر میں سانحے کی وجہ سے صدمے میں ہیں اور اپنے والد کے ساتھ احتساب کا سامنا کر رہی ہیں۔