سابق امریکی صدر جارج بش 94 سال کی عمر میں انتقال کرگئے
سابق امریکی صدر جارج ہربرٹ واکر بش 94 سال کی عمر میں انتقال کرگئے ہیں۔ وہ امریکا کے 41 ویں صدر تھے۔ جارج بش سینیر نے 4 دہائیوں سے جاری سرد جنگ کے خاتمے میں اہم کردار کے ساتھ ساتھ سویت یونین کے ٹوٹنے پر ایٹمی خطرات کم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔
جارج بش سال 1981 سے 1989تک نائب صدر کے عہد پر بھی فائز رہے۔ وہ ریپبلکن پارٹی کے سرکردہ کارکن تھے۔ جارج بش نے سال 1981 سے 1989تک نائب صدر کا عہدہ بھی سنبھالا، جب کہ دوسری جنگ عظیم میں بحیثیت نیوی پائلٹ اس کا طیارہ گولی لگنے کے باعث بحر اوقیانوس میں گر کر تباہ ہوا، بش اس حادثے میں زخمی ہوئے۔

اپنے دور ِ صدارت میں جارج بش پوری دنیا میں بہت اہمیت کے حامل رہے لیکن وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے بعد کی ان کی سرگرمیوں کے بارے میں عوام زیادہ نہیں جانتے۔ مسٹر بش 1989ء سے 1993ء تک امریکا کے 41 ویں صدر رہ چکے ہیں۔ ان کے دور اقتدار میں بین الاقوامی اتحاد کا قیام عمل میں آیا تھا جس نے 1991ء میں کویت سے عراقی فوجوں کو نکال باہر کرنے میں کردار ادا کیا۔

انہوں نے شروع کے تین سال امریکا کی صدارت بہترین انداز میں سنبھالی، تاہم آخری سال امریکا میں ٹیکس میں اضافہ کرنے کا فیصلہ ان کے خلاف رہا جس کے باعث وہ اگلے الیکشن میں کامیاب نہ ہوئے۔

جارج بش کانگریس کے رکن، اقوام متحدہ اور چین میں سفیر رہنے کے علاوہ خفیہ ادارے سی آئی اے کے سربراہ کے طور پرفرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔ وہ 1981ء سے 1989ء تک مرحوم صدر رونالڈ ریگن کے ساتھ نائب صدر بھی رہ چکے ہیں۔
ان کے بیٹوں میں امریکا کے 43 ویں صدر جارج ڈبلیو بش اور فلوریڈا کے سابق گورنر جیب بش شامل ہیں۔

بارہ جون 1924 میں پیدا ہونے والے جارج ڈبلیو بش کو امریکی تاریخ کے سب سے زیادہ عرصے تک زندہ رہنے والے صدر کا اعزاز بھی حاصل رہا۔ اس سے قبل یہ اعزاز گیرالڈ فورڈ کے نام تھا، جو93 سال 165دن زندہ رہنے کے بعد سال 2006 میں انتقال کرگئے تھے۔
رواں سال اپریل میں ہی جارج بش کی اہلیہ باربرا بش بھی 92 سال کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔ سابق امریکی خاتون اول باربرا بش طویل عرصے تک پھیپھڑوں اور دل کے امراض میں مبتلا رہیں۔ انتقال سے قبل انہوں نے علاج کرانے سے انکار کردیا تھا، جس کے بعد انہیں گھر منتقل کیا گیا۔
بش کا بیگم سے جذباتی لگاو کا یہ حال تھا کہ اہلیہ کے انتقال کے دوسرے ہی روز انہیں طبعیت خراب ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ 13 روز تک زیر علاج رہے۔