پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کا راج،ٹریفک کی روانی متاثر
پنجاب میں علی الصبح شدید دھند کے باعث لاہور سے خانیوال موٹر وے کو بند کردیا گیا ہے۔ ترجمان موٹر وے کے مطابق کسی بھی مشکل صورت حال میں شہری ہیلپ لائن نمبر 130 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
سردیاں آتے ہی پنجاب کے مختلف علاقوں میں علی الصبح سے ہی فضا پر دھند چھانے لگی ہے۔ شدید دھند کے باعث لاہور سے خانیوال تک کا موٹر وے ٹریک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق پنجاب کے دیگر علاقوں میں بہاولپور، صادق آباد ، منچن آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی صبح سے دھند موجود ہے۔
قومی شاہراہ پر ساہیوال، ہڑپہ، چیچہ وطنی، پاک پتن، عارف والا اور ملحقہ علاقوں میں شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی آور لوگوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا رہا۔ شدید دھند سے حد نگاہ کم ہوگئي ہے۔ موٹر وے پولیس نے شہریوں کو محتاط ڈرائیونگ اور فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
موٹر وے ترجمان عمران احمد شاہ کے مطابق شہری غیر ضروری سفر اور تیز رفتار ڈرائیونگ سے گریز کریں اور کسی بھی مشکل کی صورت میں ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔
پاکستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق یہ صورت حال آئندہ کئی روز تک برقرار رہ سکتی ہے۔ گرد وغبار کی موجودہ صورت حال غیرمعمولی ہے اور آئندہ چند روز تک پنجاب کے میدانی علاقوں میں بارش کا امکان نہیں ہے۔


