حکومت نے 100 دن ميں يوٹرن کے علاوہ کچھ نہیں کيا، بلاول بھٹو
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوامی طاقت سے عوام دشمن قوتوں کامقابلہ کروں گا ۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیپلزپارٹی کے 51 ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن بہت اہم ہے، 51 سال پہلے لاہور میں نئی صبح کاآغاز ہوا تھا، شہید بھٹو کی قیادت میں پیپلزپارٹی کے قیام کا اعلان کیا گیا اور پاکستان میں ایک نئی سیاسی فکر نے جنم لیا۔
سکھر جلسے سے خطاب ميں چيئرمين پيپلزپارٹي بلاول بھٹو زرداري اور ديگر رہنماؤں نے بھي تحريک انصاف حکومت کے سو دنوں کو خوب ہدف تنقيد بنايا کہا کہ احتساب کے نام پر انتقام کا بازار گرم کر رکھا ہے، حکومت نے 100 دن ميں يوٹرن کے علاوہ کچھ نہیں کيا، یہ حکومت 18ویں ترمیم پر حملےکر رہی ہے، یہ لوگ ملک کو ون یونٹ بناناچاہتےہیں، حکومت غربت کے بجائےغريب ختم کرنے کے مشن پرہے، يوٹرن حکومت کا راستہ روکيں گے۔
انھوں نے کہا کہ لاڈلے نے کھیلنے کو چاند مانگا اُسے پورا ملک دے دیا، پہلے ہم ایک لاڈلے سے لڑ رہے تھے اب ایک اور لاڈلہ آگیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے اپنوں نے جو آگ لگائی تھی، آج وہ ہرگھر تک پہنچ گئی ہے، ہمیں اس آگ کوبجھانا اور ملک کو بچانا ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانی کس کے لئے تھی، ہم امن کے لیے کوشش کرتے ہیں، مگر بھارت کی طرف سے بھی کوئی مثبت جواب آنا چاہیے۔