تربت سلنڈر حادثۃ، لواحقین کا زخمیوں کو دی جانے والی سہولیات پر عدم اطمینان کا اظہار

Nov 29, 2018

تربت میں بدھ کے روز گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں جھلسنے والے 23 میں سے  3 افراد اب تک جاں بحق ہو چکے ہیں،کراچی میں سول اسپتال کے برن سینٹر میں لائے گئے 13 میں سے اب تک 9 سالہ یاسمین اور 20 سالہ ایوب جاں بحق ہو چکے ہیں، 3 زخمیوں کو  ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔جب کہ 3 کی حالت تاحال تشویش ناک ہے۔

دوسری جانب جھلسنے والے افراد کے لواحقین برن سینٹر میں دی جانے والی سہولیات سے کسی طور مطمئن نہیں ۔سما سے بات کرتے ہوئے نمروز خان ،ساجد دوست،محمد حیات،محمد عار ف اور دیگر کا کہنا تھا کہ ہم  یہاں دی جانے والی سہولیات سے قطعی مطمئن نہیں ،یہاں تو مریضوں کی چادریں اور ڈرپ تبدیل کرنے کے لیے بھی کوئی موجود نہیں ہوتا،رات بار بار توجہ دلانے کے باوجود مریضوں کی ڈریسنگ تک  نہیں کی گئی جس کے بعد ہمیں  خودڈریسنگ کرنے پر مجبور کیا گیا۔

لواحقین کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال میں ہم اپنے مریضوں کو یہاں رکھنا نہیں چاہتے،ہم سے ڈپٹی کمشنر کراچی و دیگر نے وعدہ کیا تھا کہ ہمیں تمام سہولیات بہم پہنچائی جائیں گی ،مگر وہ اپنے وعدے پر پورا نہیں اترے،انھوں نے حکومتی اقدامات پر بھی اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر سندھ اور بلوچستان کی حکومت ہمیں سہولیات نہیں دے سکتیں تو ہمیں بتا دیں ،ہم اپنا گھر اور ساراسرمایا  بیچ کر  بھی اپنے مریضوں کا علاج کرائیں گے۔

دوسری طرف  سول اسپتال برن یونٹ کے انچارج  ڈاکٹر احمر نے سما سے بات کرتے ہوئے لواحقین کے  اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ برن یونٹ اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئےتمام مریضوں کا بہترین علاج کر رہی ہے ،آج جن 3 مریضوں کو ڈسچارج کیا گیا وہ معمولی نوعیت کے جھلسنے کا شکار تھے ،ان کا کہنا تھا کہ لائے گئے 13 زخمیوں میں سے 9 سالہ یاسمین راستے میں ہی دم توڑ چکی تھی جب کہ 20 سالہ ایوب آج جاں بحق ہوا جب کہ 3 زخمیوں کی حالت اب تک تشویش ناک ہے جن کے متعلق کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

یہ بھی پڑھئیے:تربت گیس سلنڈر حادثہ،10خواتین کی حالت تشویش ناک

واضع  رہے کہ بدھ کے روز  تربت کے مین بازار میں پارک ہوٹل کے قریب پکوڑے کی دکان میں گیس سلنڈر پھٹنے سے 10 نجی اسکول کے بچوں سمیت تئیس افراد زخمی ہوئے تھے جن میں سے 13 کو خصوصی طیارے کے زریعے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔

TURBAT

gas cylinder

burn unite

Tabool ads will show in this div