مستونگ میں نوجوان کے قتل پر لواحقین کا احتجاج، کوئٹہ کراچی شاہراہ بند کردی

مستونگ میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں نوجوان کے قتل کے خلاف شہریوں نے کوئٹہ کراچی شاہراہ کو احتجاجاً بند کردیا۔ احتجاج کے باعث سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں ۔
مستونگ میں بس اڈہ کے قریب نامعلوم ڈاکوؤں نے موٹرسائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے عبدالباقی بنگلزئی نامی نوجوان کو قتل کردیا اور موٹرسائیکل چھین کر فرار ہوگئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقتول کے لواحقین اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچی اور واقعہ کے خلاف احتجاج شروع کردیا۔ مظاہرین نے لاش سڑک پر رکھ کر کوئٹہ کراچی شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا۔
ڈپٹی کمشنر مستونگ اور قبائلی عمائدین کی کوششوں کے باوجود مظاہرین نے احتجاج ختم کرنے سے انکار کیا۔ مظاہرین نے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مستونگ میں آئے روز چوری و ڈکیتی کی وارداتیں ہورہی ہیں مگر انتظامیہ ان پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہیں۔