کورنگی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن، مشتعل افراد کی ہنگامہ آرائی، دکان اور گاڑیاں نذر آتش

  

[video width="640" height="360" mp4="https://i.samaa.tv/wp-content/uploads/sites/11//usr/nfs/sestore3/samaa/vodstore/urdu-digital-library/2018/11/Korangi-Fire-Khi-Nat-Upd-27-11.mp4"][/video]

کورنگی میں قبضہ مافیا نے کے ڈی اے ٹیم پر حملہ کردیا، پتھراؤ سے 3 افراد زخمی ہوگئے، تجاوزات کیخلاف آپریشن پر مشتعل افراد نے توڑ پھوڑ شروع کردی، ایک اسٹیٹ ایجنسی اور کئی گاڑیوں کو آگ لگادی گئی، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی، متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

کورنگی کے علاقے مہران ٹاؤن میں کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے زمینوں پر غیر قانونی قبضے کرنیوالوں کیخلاف آپریشن کیا تو مشتعل افراد نے کے ڈی اے ٹیم پر حملہ کردیا، پتھراؤ سے 3 سرکاری ملازمین زخمی ہوگئے، جس کے بعد آپریشن روک دیا گیا۔

تجاوزات اور قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن پر مشتعل افراد سڑکوں پر نکل آئے اور توڑ پھوڑ شروع کردی، ایک اسٹیٹ ایجنسی اور کئی گاڑیوں کو آگ لگادی گئی۔

جلاؤ گھیراؤ اور کشیدہ حالات پر قابو پانے کیلئے پولیس اور رینجرز کی نفری علاقے میں پہنچ گئی، مشتعل افراد کی جانب سے فورسز پر بھی پتھراؤ کیا گیا جس کے بعد پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی۔

ایس ایس پی کورنگی علی رضا  نے سماء سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کے ڈی اے آپریشن کے دوران قابضین کے حملے میں 3 سرکاری ملازمین زخمی ہوئے، آپریشن کیخلاف مشتعل افراد سڑکوں پر آئے، اشتعال انگیزی کے بعد پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی اور حالات پر قابو پالیا۔

ان کا کہنا ہے کہ پولیس نے پتھراؤ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 6 سے 7 افراد حراست میں لے لیا، جن کیخلاف مقدمات درج کئے جائیں گے، غیر قانونی قبضوں اور ناجائز خرید و فروخت کیخلاف 90ء سے یہاں کارروائیاں ہوتی رہی ہیں، کے ڈی اے ٹیم کی حفاظت کے پیش نظر آپریشن روک دیا گیا۔

ایس ایس پی کورنگی کہتے ہیں کہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری علاقے میں موجود ہے، مشتعل افراد گلیوں سے باہر آنے کی کوشش کرتے ہیں تاہم پولیس کی موجودگی میں بھاگ جاتے ہیں، مزید گرفتاریاں بھی ہوسکتی ہیں۔

ڈائریکٹر کے ڈی اے، محمد دریل نے سماء کو بتایا کہ مہران ٹاؤن کے اس علاقے میں اوورسیز پاکستانیوں اور دیگر افراد کے پلاٹس ہیں جن پر لینڈ مافیا قابض ہے، پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ بات چیت کے بعد قابضین کیخلاف دوبارہ آپریشن کریں گے۔

LAND MAFIA

kda

CLASH

korangi

Mehran Town

Tabool ads will show in this div