دبئی ٹیسٹ : پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دیدی، سیریز 1-1 سے برابر

دبئی ٹیسٹ میں یاسر شاہ کی تباہ کن بولنگ کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کو اننگز اور 16 رنز سے شکست دیدی، دوسری اننگز میں کیویز 312  رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، قومی اسپنر نے دوسری اننگز میں بھی 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مجموعی طور پر میچ میں انہوں نے 14 وکٹیں حاصل کیں۔

دبئی ٹیسٹ میں فالو آن کے بعد اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے نیوزی لینڈ کو چوتھے دن مزید 197 رنز کی ضرورت تھی تاہم دوسری اننگز میں بھی مہمان ٹیم 312 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، پاکستان ٹیم نے اننگز اور 16 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز 1-1 سے برابر کردی، میزبان ٹیم کو پہلے ٹیسٹ میچ میں محض 4 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

دبئی میں جاری میچ کے چوتھے دن نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری ادھوری اننگز 131 دو کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی، روس ٹیلر اور ٹام لیتھم نے نصف سنچریاں اسکور کیں، دونوں بالترتیب 50 اور 82 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ہنری نکولس نے بھی ٹیم کو مشکلات سے نکالنے کی کوشش کی تاہم وہ 77 رنز کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔

مزید جانیے : یاسر شاہ کی نیوزی لینڈ کیخلاف تباہ کن بولنگ، کئی ریکارڈ بنا ڈالے

بریڈلے جون واٹلنگ 27، کولن ڈی گرانڈہوم 14، ایش سوڈھی4، نیل ویگنر 10 اور ٹرینٹ بولٹ صفر پر وکٹیں گنوا گئے، اعجاز پٹیل 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ویڈیو دیکھیں : یاسر شاہ جیسی بولنگ کبھی نہیں دیکھی، سرفراز احمد

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ 44.5 اوورز میں 143 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے مجموعی طور پر میچ میں 14 شکار کئے، حسن علی نے 3 اور بلال آصف نے ایک وکٹ لی۔ یاسر شاہ کو شاندار بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

یاسر شاہ کے میچ میں 14 شکار، ویڈیو دیکھیں

یاسر شاہ ایک میچ میں 14 وکٹیں لینے والے دوسرے پاکستانی بن گئے، انہوں نے دبئی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں 57.2 اوورز میں 184 رنز دے کر یہ کارنامہ انجام دیا، ان سے قبل ساق کپتان اور موجودہ وزیراعظم عمران خان نے 1982ء میں سری لنکا کیخلاف لاہور میں 52.2 اوورز میں 116 رنز دے کر 14 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ عبدالقادر، فضل محمود اور وقار یونس ایک ایک میچ میں 13، 13 وکٹیں لے چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : یاسر شاہ کی دن میں 10 وکٹیں، نیوزی لینڈ کے فالو اَن کے بعد دو وکٹوں پر 132 رنز

پاکستان نے پہلی اننگز میں 418 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئرڈ کردی تھی، حارث سہیل 147 اور اظہر علی 81 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ بابر اعظم نے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی، وہ 127 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی، پہلے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 4 رنز سے شکست دی تھی، سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ 3 دسمبر سے ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔

PakvsNZ

Tabool ads will show in this div