جام کمال اور قدوس بزنجو میں اختلافات ختم کرانے کے لیے چئیرمین سینٹ سرگرم

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال اور اسپیکر بلوچستان اسمبلی میں جاری سرد جنگ کو ختم کرانے کے لیے چئیرمین سینٹ میدان میں کود پڑے،قدوس بزنجو کو استعفیٰ نہ دینے پر رضامند کر لیا۔

چئیرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کوئٹہ میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی،وزیر اعلیٰ بلوچستان اور صوبائی وزرا سمیت بلوچستان عوامی پارٹی کے اہم رہنماؤں سے ملاقات کی،ملاقات میں صادق سنجرانی کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی کہ وہ اسپیکر بلوچستان اسمبلی قدوس بزنجو کو اسپیکر شپ سے استعفیٰ نہ دینے پر راضی کر لیں گے۔

اس موقعہ پر وزیر اعلیٰ جام کمال کی جانب سے بھی چئیرمین سینٹ کو اسپیکر بلوچستان کو درپیش تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

چئیرمین سینٹ کی جانب سے اسپیکر قدوس بزنجو سے بھی ملاقات کی گئی جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے قدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ میں نے استعفےٰ کا فیصلہ زاتی مفادات کے لیے نہیں کیا بلکہ مجھے محسوس ہوا کہ ہماری حکومت اپنے منشور سے ہٹ رہی ہے جس کا کئی بارمیں نے اظہار بھی کیا مگر اس کے بعد مجھے اکثر اہم فیصلوں اور موقعوں پر نظر انداز کیا گیا جس کے بعد مجبورا اسپیکر شپ سے استعفےٰ دینےکا فیصلہ کیا تھا۔

اس موقعہ پر چئیرمین سینٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ ہر حکومت اور ہر پارٹی میں اختلافات ہوتے ہیں اور یہی اختلاف ہی جمہوریت کا حسن ہیں،کوشش کی جارہی ہے کہ ان اختلافات کو باہمی مشورے اور افہام و تفہیم کے ساتھ ختم کیا جائے۔

چئیرمین سینٹ کی اپسیکر بلوچستان اسمبلی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ملاقاتوں کے بعد امید کی جارہی کہ گزشتہ ایک ہفتے سے جاری یہ سرد جنگ اب ختم ہونے والی ہے اور وزیراعلیٰ بلوچستان جلد اسپیکر بلوچستان اسمبلی کے ساتھ ملاقات کریں گے جس میں قدوس بزنجو کو راضی کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

Muhammad Sadiq Sanjrani

Abdul Qudoos Bizenjo

BAP

CM Jam kamal

Tabool ads will show in this div