سبی میں یکے بعد دیگرے دو زلزلے،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
بلوچستان کے علاقے سبی،بھاگ اور گردو نواح میں چھ گھنٹوں کے دوران دو مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
زلزلہ پیما مرکز اسلام آباد کے مطابق زلزلے کا پہلا جھٹکا صبح آٹھ بجکر 28 منٹ پر آیا جس کا مرکز سبی سے 60 کلو میٹر دور بھیل پٹ گاؤں کے قریب اور گہرائی دس کلومیٹر تھی۔
زلزلے کے جھٹکے چھلگری، بھاگ اور قریبی علاقوں میں بھی محسوس کئے گئے تاہم اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔دوسری مرتبہ ریکٹر اسکیل پر چار عشارئیہ چھ شدت کا زلزلہ دوپہر دو بجکر 7 منٹ پر ریکارڈ کیا گیا ۔
اس کا مرکز بھی سبی سے 60 کلومیٹر دور چھلگری گاؤں کے قریب تھا تاہم اس کی گہرائی 40 کلومیٹر ہونے کے باعث بیشتر لوگوں نے اسے محسوس نہیں کیا۔