مونگ پھلی بیمار پڑ گئی
سرد موسم میں لوگوں کو توانائی فراہم کرنے والی مونگ پھلی خود بیمار پڑ گئی۔ بازاروں میں نئی فصل کی مونگ پھلی تو آچکی ہے مگر اس میں دانہ نہ ہونے کے برابر ہے۔
راول پنڈی سے سماء کے نمائندے عابد علی نے اس کا کھوج لگانے کی کوشش کی۔ پہلے مونگ پھلی کا دانہ سنہری رنگ کا پھیکا پھیکا سا ہوتا تھا، مگر پھلی کو کھول کے دیکھو تو دانہ بھی کمزور ہے۔
نرنکاری بازارکے تاجر کہتے ہیں مونگ پھلی تو بہت ہے مگر پانی کی قلت کے اثرات بھی اس پر نمایاں ہیں، ایک دکاندار کا کہنا ہے کہ بارشیں نہ ہونے سے اس دفعہ فصل کمزور ہے۔
حالیہ سروے سے اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ بھارت سے آنے والی مونگ پھلی بہتر معیار کے باعث مقامی سطح پر پیدا ہونے والی مونگ پھلی کو مارکیٹ میں مات دے رہی ہے۔
ایک آڑھتی کا کہنا تھا کہ بھارت سے آنے والی مونگ پھلی کی کوالٹی اور وہ صاف و ستھری ہوتی ہے، مونگ پھلی جب بھی آتی ہے تو ہماری فصل کم بکتی ہے۔
پاکستان میں بارشوں کی کمی سے اس مرتبہ نہ صرف مونگ پھلی کا دانہ کمزور رہا بلکہ اس کا رنگ بھی سیاہ ہوگیا۔ دکانداروں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سردی کی اس سوغات کو بچانے کے لئے اگر حکومت نے اقدامات نہ کئے تو آئندہ سالوں میں اس کی پیدوار میں شدید کمی واقع ہونے کا امکان ہے۔