می ٹو مہم: صرف انڈسٹری نہیں ہر شعبے میں ایسے واقعات ہوتے ہیں، سونیا حسین

پاکستان کے ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کی نامور اداکارہ سونیا حسین کہتی ہیں کہ جو مرد خواتین کے تحفظ اور حقوق کے لئے کھڑے ہوتے ہیںدراصل وہی حقیقی مرد ہوتے ہیں۔
سونیا کہتی ہیں کہ: ’ہمارے یہاں ایشیا میں آدمی کو ایک اسٹرونگ کریکٹر سمجھا جاتا ہے، جو خواتین کے لئے کھڑے ہوتے ہیں وہی جینئیون مرد ہیں‘۔
سماء ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئےاداکارہ سونیا حسین نے بتایا کہ انہوں سہیل جاوید کی فلم ’سوری‘سائن کرلی ہے جس میں وہ اداکار فیصل قریشی کے ساتھ اہم کردار ادا کریں گی جبکہ فلم کی دیگر کاسٹ میں آمنہ شیخ اور زاہد احمد بھی شامل ہیں۔
فلم سوری کی کہانی سہیل جاوید اور آصمہ نبیل نے مشترکہ طور پر لکھی ہے جس کی ہدایات سہیل جاوید دیں گے، یہ ایک رومانوی کہانی ہے اور ساتھ ہی اس فلم سے فیصل قریشی کی بڑے پردے پر واپسی ہوگی۔
گزشتہ برس نشر ہونے والے ڈارمہ ایسی ہے تنہائی کے حوالے سے سونیا نے بتایا کہ میں یہ ڈرامہ میں کرنا ہی نہیں چاہتی تھیں کیونکہ میں سمجھتی تھی کہ یہ ایک بولڈ کریکٹر ہے اور ڈرامہ دیکھنے کے بعد لوگ میرے بارے میں منفی تاثر قائم کرلیں گےلیکن مجھےبلکل اندازہ نہیں تھا کہ یہ ڈرامہ اتنا ہٹ ہوجائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ لیکن پھر مجھے سمجھایا گیا یہ ڈرامہ اصل میں صرف ڈرامہ نہیں بلکہ آگاہی پھیلانے کا ذریعہ ہے ان بچیوں کے لئے جنہیں کیمروں کے بارے میں معلوم نہیں ہوتا اور جو یہ نہیں جانتیں کہ کون انہیں کس طرح سے غلط استعمال کررہا ہے۔
سونیا کا کہنا تھا کہ انہوں نے انڈسٹری کے دیگر اسٹارز کے ساتھ مل کر ابھی انکار کرو کے نام سے ایک مہم شروع کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’یہ مہم می ٹو سے پہلے کی ایک سوچ ہے۔
ہالی ووڈ کے بعد اب بالی وڈ میں آنے والی می ٹو کی لہر پر بات کرتے ہوئے سونیا نے کہا کہ اپنے اوپر گزرے ہوئے معاملات پر بات کرنے کے لئے ہمت چاہئے ہوتی ہے اور وہ ان خواتین کو دل سے سراہتی ہیں جو ایسے چہروں کو سامنے لاتی ہیں۔
جنسی ہراسانی کے واقعات پر تبصرہ کرتے ہوئے سونیا حسین نے کہا کہ صرف انڈسٹری ہی نہیں بلکہ فیکٹریز میں بھی اس قسم کے واقعات ہوتے ہیں لیکن ان چیزوں کو کس طرح ہینڈل کرنا ہے یہ لڑکیوں کو ہمیں سکھانا ہے،جہاں تک میرا سوال ہے تو ہاں میرے ساتھ بھی ایسا کئی مرتبہ ہوا اور میں نے سامنا کیا اور اب لوگوں کو پتہ ہے یہاں ہماری دال نہیں گلنے والی۔
انکار کرو کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد خواتین کو آگاہی دینا ہے کہ جب انہیں محسوس ہو کہ انہیں ہراساں کیا جارہا ہے تو وہ اسی وقت ان معاملات کو روک دیں اور انکار کردیں۔
جبکہ اداکار سمی خان کے ساتھ فلم لافنگے میں جلوہ گر ہونے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میری بات چل رہی ہے لیکن تاحال میں نے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
سونیا نے یدایتکار جامی کی فلم مور سے کے ساتھ بڑے پردے پر قدم رکھا تھا اور رواں سال فلم آزادی میں معمر رانا کے ساتھ اداکاری کے جوہر دیکھائے ۔
اداکارہ سونیا ڈرامہ سیریل کسے چاہوں ، میری گڑیا اور ایسی ہے تنہائی جیسے مشہور کئی ڈراموں میں اپنی اداکاری کو منواچکی ہیں جبکہ ان دنوں وہ ڈرامہ آنگن میں ایک بڑی کاسٹ کے ساتھ جلوہ گر ہورہی ہے ۔