شہری کا مہنگا ترین چالان
گوجرانوالہ میں موٹر وے پولیس نے موٹرسائیکل سوار کا مہنگا ترین چالان کاٹ دیا ۔ سات ہزار چار سو پچاس روپے کی پرچی دیکھ کر شہری کے ہوش اڑگئے۔
مہنگے ترین چالان کاٹنے کا یہ واقعہ جی ٹی روڈ پر اوجلہ میں جمعرات کے روز پیش آیا۔ مہنگے چالان پر شہری، ندیم، نے احتجاج کیا تو ٹریفک اہلکار آپے سے باہر ہوگیا اور شہری کو دھکے اور دھمکیاں دینے لگا۔
پولیس کے چالان کے مطابق، شہری کا چالان ہیلمٹ اورلائسنس نہ ہونے، اوورلوڈنگ اور رانگ وے پر کیا گیا۔
شہری نے چالان جمع کروا دیا، مگر ساتھ ہی موٹر وے پولیس کو شکایت بھی درج کروا دی۔
سماء کے سوال کرنے پر موٹروے پولیس کا موقف تھا کہ یہ واقعہ ضرور پیش آیا ہے اور اس کے خلاف محکمانہ کاروائی شروع کردی گئی ہے۔
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر عام طور پر 700 سے 800 روپے تک کا چالان ہوتا ہے۔ لیکن اس مہنگے ترین چالان کے بعد شہری کو تذلیل کا نشانہ بھی بنایا گیا اور مارا بھی گیا ہے۔