معاشی بحران کے ذمہ داروں کا بھی احتساب ہوگا، مراد سعید
وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید کہتے ہیں ملک میں جاری احتساب عمل جاری رہے گا، سابق حکمران شور کرنے کے بجائے عدالتوں میں اپنی بے گناہی ثابت کریں، صرف یہی نہیں معاشی بحران کے ذمہ داروں کا بھی احتساب ہوگا۔
قومی اسمبلی میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا آج اسٹیل ملز، پی آئی اے، واپڈا اور دیگر ادارے خسارے میں ہیں اس کی صرف ایک وجہ ہے کہ ن لیگ کی سابقہ حکومت نے کرپشن کی اور اختیارات کا غلط استعمال کیا، صرف اپنے کاروبار کو توسیع دی اور پاکستان کے خزانے کو نقصان پہنچایا۔
مراد سعید نے کہا کہ سابقہ دور حکومت میں اداروں پر اپنے کاروبار کو ترجیح دی گئی، چوری اور لائن لاسز کی وجہ سے واپڈا خسارے میں ہے، ن لیگ نے قومی خزانے کو بری طرح لوٹا۔
مراد سعید نے کہا کہ 2013 کے انتخابات میں دھاندلی ہوئی تھی، سابق حکمران شور مچانے کے بجائے بےگناہی ثابت کریں، پاکستان کو لوٹنےوالوں کا احتساب ہوگا، کرپٹ لوگوں کااحتساب ہوگا،روک سکو تو روک لو۔
پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے کا کہنا تھا کہ معاشی بحران کے ذمہ داروں کا بھی احتساب ہوگا، سب جانتے ہیں سرٹیفیائڈ چور اور ڈاکو کون ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی پولیس کو پچھلے 5 سال میں ماڈل پولیس بنایا،اب پاکستان کے باقی صوبوں کی پولیس کو بھی ماڈل پولیس بنائیں گے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے خیبر پختونخوا کے اسکولوں کی حالت بہتر کی، اب ہم دوسرے صوبوں میں اسکولوں پر بھی کام کریں گے۔
مراد سعید نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ سب ایک نکتے پر جمع ہوجائیں کہ ہم نے اپنے پاکستان کو بدلنا ہے اور اس کو معاشی بحران سے بھی نکالنا ہے اور اداروں کو مضبوط کرنا ہے۔
انہوں نے اپوزیشن جماعتوں سے کہا کہ ایک نیا قانون بنایا جانا چاہیے کہ جس نے بھی پاکستان کو لوٹا اس کو سرعام ڈی چوک پر لٹکایا جائے۔