ڈینگی اور کانگو وائرس نے چار سال میں 255 زندگیاں نگل لیں

قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران وزارت قومی صحت کی جانب سےتحریری جواب ایوان میں پیش کیا گیاجس میں گزشتہ 4 برس کے دوران ڈینگی اور کانگو وائرس سے متاثرہ افراد کی تفصیل قومی اسمبلی میں پیش کی گئی،رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ چار سالوں میں ڈینگی اور کانگو وائرس سے ملک میں 255 افراد جاں بحق ہوئے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ سال 2015 سے اب تک 51 ہزار 764 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے جب کہ اس میں سب سے زیادہ 28 ہزار 298 افراد خیبرپختونخوا میں متاثر ہوئے۔
ڈینگی کی وجہ سے سندھ میں 10 ہزار 447 اور پنجاب میں 6 ہزار 58، اسلام آباد میں 3 ہزار 930 افراد جبکہ بلوچستان میں، 19سو 65 افراد ڈینگی کا نشانہ بنے،گزشتہ چار سالوں میں ملک بھر میں 107 افراد ڈینگی بخار سے جاں بحق ہوئے ۔
رپورٹ میں کانگو وائرس کے حوالے سے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ کانگو وائرس نے 4 سال میں 6 سو 13 افراد کو نشانہ بنایا جس میں سب سے زیادہ 424 افراد بلوچستان میں متاثر ہوئے، سندھ میں 63 پنجاب میں 51 اور خیبر پختونخوا میں 51 اسلام آباد میں 13 جبکہ فاٹا میں 5 افراد کانگو وائرس سے متاثر ہوئے جب کہ کانگو وائرس سے 4 سال کے دوران 148 ہلاکتیں ہوئیں