وزیراعظم عمران خان کو احتجاج، جلاؤ گھیراؤ اور حکومتی اقدامات پر رپورٹ پیش

Nov 06, 2018

وزیراعظم کو احتجاج اور حکومتی اقدامات سے متعلق رپورٹ پیش کردی گئی، شرپسند عناصر کیخلاف کارروائی پر بھی بریفنگ دی گئی۔ عمران خان نے 12 ربیع الاول کو شایان شان طریقے سے منانے کا اعلان کردیا۔ وزیراعظم کہتے ہیں ریاست مدینہ طرز کی حکمرانی کیلئے دینی طبقات کی مشاورت کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد میں وزیرِاعظم عمران خان سے وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے ملاقات کی، وزیر مذہبی امور نے وزیرِاعظم کو حالیہ صورتحال پر بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے 12 ربیع الاول شایان شان طریقے سے منانے کا اعلان کردیا، اس حوالے سے تمام صوبوں کو ہدایات جاری کردی گئیں، ان کا کہنا تھا کہ علماء اور مشائخ کے ساتھ مسلسل بذات خود رابطے میں رہوں گا، پُرامن اسلام کے تاثر کو پوری دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کو حالیہ احتجاج کے دوران جلاؤ گھیراؤ اور حکومتی کریک ڈاؤن سے متعلق ابتدائی رپورٹ پیش کردی گئی، دھرنے کے دوران شرپسندی کرنے والے عناصر کیخلاف کارروائی پر بھی بریفنگ دی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ شرپسندی میں ملوث ان افراد کیخلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں جن کی شناخت ہوچکی ہے، گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق شرپسند افراد کی گرفتاری کے لیے وزارت دفاع سے بھی مدد لی جارہی ہے، ایف آئی اے اور پی ٹی اے حکام سوشل میڈیا پر شرپسندوں کی تلاش کا کام کررہی ہیں، شرپسندوں کی شناخت کیلئے ویڈیوز اور تصاویر میڈیا کو بھی جاری کردی گئی ہیں۔

حکومت نے ربیع الاول کے موقع پر اسلام آباد میں 2 روزہ ختمِ نبوت انٹرنیشنل کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں امامِ کعبہ، جامعۃ الازہر کے وائس چانسلر، شام کے مفتی، عراق اور تیونس کے علماء بھی شریک ہوں گے۔

PM

IMRAN KHAN

Asia BiBi