ریاست کی رٹ چیلنج کرنیوالوں کو عبرتناک سزا دینی ہوگی، شیخ وقاص اکرم
ویب ڈیسک
اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے رہنما شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں خون بہانے والوں کا وہی حال ہوگا جو جنوبی وزیرستان میں ہوا، ریاست کی رٹ کو جو بھی چیلنج کرے اسے عبرتناک سزا دینی چاہئے۔ پی پی رہنما شہلا رضا کہتی ہیں کہ مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی نے قوم کو کنیفوژن کا شکار کردیا۔ خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ ہمیں کسی کے دباؤ میں آئے بغیر پاکستان کیلئے سوچنا چاہئے، وفاق حتمی فیصلہ کرے، خیبرپختونخوا حکومت مکمل تعاون کیلئے تیار ہے۔
سماء کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ مذاکرات کا ذاتی طور پر حامی نہیں رہا، اب مذاکرات کا وقت بھی گزر چکا ہے، حکام کو فیصلہ کرنا چاہئے کہ دہشت گردوں سے کس طرح نمٹا جائے۔
وہ کہتے ہیں کہ ریاست کو اپنی رٹ ہر صورت قائم کرنا ہوگی، ریاستی رٹ کو جو بھی چیلنج کرے اسے عبرتناک سزا دینی چاہئے، ریاست کو کمزور کرنے کی کوشش کرنے والوں کو ایسی سزا دی جائے کہ پوری دنیا دیکھے کہ پاکستان کیخلاف کام کرنے والوں کا یہ انجام ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں حکومت کو مذاکرات کا مینڈیٹ دیا گیا، پاکستان سب سے پہلے ہے، ملک کیلئے قربانی دینے اور لڑنے کیلئے تیار ہیں۔
شیخ وقاص اکرم نے پولیو ورکرز پر حملے انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ مولانا سمیع الحق نے بھی انسداد پولیو کے قطروں کو درست قرار دیا ہے، معصوم پولیو ورکرز کو قتل کرنا بیمار ذہنیت کی نشانی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف تسلیم کرے کہ وہ خیبرپختونخوا میں ناکام ہوچکے ہیں، صوبائی حکومت وفاق سے درخواست کرے تو ہی وہ کارروائی کر سکتی ہے۔
پیپلزپارٹی کی رہنما شہلا رضا نے کہا کہ موجودہ حکومت اب تک دہشت گردی کیخلاف پالیسی نہیں بناسکی، مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی قوم کو کنفوژ کررہے ہیں، پیپلزپارٹی نے مذاکرات کرنے کی حمایت کی، عمران خان ہر بار اپنا مؤقف تبدیل کرلیتے ہیں، ہمیں اچھے اور برے طالبان کے چکر سے نکلنا ہوگا، اپنی قوم سے جھوٹ نہیں بولنا چاہئے۔
ان کا کہنا ہے کہ دہشت گرد پاکستانیوں کے ہر طبقے کو نشانہ بنارہے ہیں، ہمارے حکمرانوں نے طالبان سے پنجاب میں دھماکے نہ کرنے کا کہا، حکومت نے طالبان کے لوگوں کو رہا کیا، وفاق نے ڈی آئی خان جیل پر حملوں کی اطلاعات دیں تاہم اس کی سیکیورٹی کیلئے کچھ نہیں کیا، پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔
ہزارہ کمیونٹی کے رہنما عبدالخالق ہزارہ کہتے ہیں کہ ہمارے لوگوں پر حملے معمول بن چکے ہیں، زائرین پر حملوں کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم لشکر جھنگوی قبول کرتی رہی ہے، سیکیورٹی اداروں کو چاہئے کہ زائرین کا تحفظ یقینی بنائے۔
وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسف زئی کہتے ہیں وقت آگیا معاملات کو سنجیدگی کے ساتھ آگے لے کر جائیں، قومی سیاستدانوں کو ایک بار پھر سر جوڑ کر بیٹھنا پڑے گا، حکومت کو چاہئے کہ دہشت گردی کے خلاف حتمی فیصلہ کریں، صوبائی حکومت مکمل تعاون کیلئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی کے دباؤ میں آئے بغیر پاکستان کیلئے سوچنا چاہئے، مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کو امن کیلئے ووٹ دیا گیا، پیپلزپارٹی دوسری باری اقتدار میں ہے، ان سے کراچی شہر نہیں سنبھلتا، ہم صوبے میں اصلاحات لارہے ہیں، انسداد دہشت گردی فورس کی تشکیل اور پولیس کو تربیت دی جارہی ہے، صوبے میں حالات بہتر ہوئے ہیں۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کو کئی ماہ قبل پینے کے پانی میں گندا پانی شامل ہونے کی رپورٹ دی تھی، اس کے باعث ہی پولیو وائرس پھیل رہا ہے، ہر اتوار کو پشاور شہر میں انسداد پولیو مہم چلائیں گے۔
چیئرپرسن ہیلتھ ورکرز خیر النساء نے کہا کہ کراچی میں بہت سے لوگ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے منع کردیتے ہیں تاہم ورکرز پر حملہ کس نے کیا معلوم نہیں اس میں علاقے کے لوگوں ملوث نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیو پر قابو نہ پایا گیا تو پاکستانیوں کو دیگر ممالک کے ویزے ملنا بند ہوجائیں گے جبکہ اس سے قومی معیشت بھی تباہ ہوگی۔ سماء