چیف جسٹس ثاقب نثار کے دل کی بند شریان بیلوننگ کےذریعے کھول دی گئی

چیف جسٹس پاکستان سینے میں تکلیف کے باعث راولپنڈی انسٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں داخل ہیں جہاں بیلوننگ کے ذریعے ان کے دل کی بند شریان کھول دی گئی۔
چیف جسٹس پاکستان کے بیٹے بیرسٹر نجم الثاقب نے وضاحت دی کہ چیف جسٹس کی صحت تسلی بخش ہے، اینجیوپلاسٹی ہونے کی خبریں درست نہیں۔ بیرسٹر نجم الثاقب نے بتایا کہ ڈاکٹرز نے بیلوننگ کے ذریعے بند شریان کو کھولا، چیف جسٹس کو کوئی اسٹنٹ نہیں ڈالا گیا۔
انھوں نے مزید بتایاکہ چیف جسٹس چیک اپ کیلئے اسپتال پہنچے تو دل کی بائیں شریان 90 فیصد بند ہونے کا علم ہوا،چیف جسٹس تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔میاں ثاقب نثار کو وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہےجہاں وہ ایک روز مزید زیرعلاج رہیں گے۔
چیف جسٹس پاکستان سے جسٹس عظمت سعید، جسٹس آصف سعید کھوسہ اورجسٹس اعجازالاحسن نے ملاقات کی۔ ان کے علاوہ جسٹس سردار طارق اور جسٹس منیب اختر نے بھی چیف جسٹس سے ملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی۔
شام کے بعد چیف جسٹس ثاقب نثارسے آرآئی سی میں عیادت کا سلسلہ جاری رہا۔ سپریم کورٹ کےجسٹس عمر عطاء بندیال نے بھی اسپتال آکر چیف جسٹس کی عیادت کی۔ وفاقی شرعی عدالت کےچیف جسٹس شیخ نجم الحسن ،سابق چیف جسٹس ناصرالملک،جسٹس (ر)شاکر اللہ جان نے بھی چیف جسٹس ثاقب نثارکی عیادت کی اورجلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نےچیف جسٹس کےعملے سے رابطہ کرکے انکی خیریت دریافت کی۔