کراچی واٹر بورڈ کی ویب سائیٹ پر نئی سہولیات متعارف کرادی گئیں

کراچی کے واٹر بورڈ کی ویب سائٹ پر شکایات کے اندراج کی سہولت متعارف کرادی گئی ہے۔

ایم ڈی کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ خالد شیخ کہتے ہیں کہ شہری اب اپنی شکایات کو گھر بیٹھےاندراج کرا سکتے ہیں، درج شکایات پر عملدرآمد سے متعلق صارفین کو اپ ڈیٹ بھی کیا جائیگا۔

خالد محمود شیخ کی ہدایت پر واٹر بورڈ کی ویب سائٹ کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔

خالد شیخ کا کہنا ہے کہ بلوں کا گھر بیٹھے حصول بھی ممکن بنا دیا گیا ہے، جبکہ صارفین کے لیے ویب سائٹ کے ذریعے بلوں کی ادائیگی کی سہولت بھی دستیاب کردی گئی ہے۔

واٹر بورڈ صارفین فراہمی ونکاسی آب سے متعلق اپنی شکایات کا اب گھر بیٹھے اندراج کراسکتے ہیں جبکہ شہریوں کیلئے بلوں کا حصول اور آن لائن ادائیگی بھی مزید آسان بنادی گئی ہے ۔

واٹر بورڈ کے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈپارٹمنٹ نے ایم ڈی واٹربورڈ کی ہدایت پر شہریوں کی سہولت اور معلومات کیلئے واٹربورڈ کی آفیشل ویب سائٹ کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اپ ڈیٹ کرنے کاآغاز کردیا ہے۔

پہلے مرحلے میں واٹربورڈ کے صارفین ویب سائٹ میں دیئے گیئے کنزیومر سروسز کے آپشن میں فراہمی ونکاسی آب سمیت دیگر شکایات کا نہ صرف اندراج کراسکتے ہیں بلکہ اپنی درج شدہ شکایت پر ہونے والے عملدرآمد سے وقتا فوقتا آگاہی بھی حاصل کرسکتے ہیں ۔

صارفین کو ویب سائٹ میں اپنا کنزیومر نمبر درج کرانا ہوگا جس کے بعد انہیں شکایت کے اندراج پر کمپلین نمبر فراہم کیا جائے گا ، شکایات کے اندراج کی سہولت صرف واٹربورڈ کے بل ادا کرنے والے صارفین کو حاصل ہوگی ۔

مزید برآں شہریوں کیلئے ویب سائٹ میں واٹر بورڈ کے بلوں کا گھر بیٹھے حصول اور ادائیگی ممکن بنادی گئی ہے ، ہر ماہ کا بل باقاعدگی سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے ، ای بلنگ کے ذریعے صارفین واٹربورڈ کے تازہ بل اور واجبات سے متعلق معلومات حاصل کرسکیں گے نیز بینکوں میں لمبی قطار اور زحمت سے بچنے کیلئے اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے بلوں اور واجبات کی ادائیگی بھی کرسکتے ہیں ۔

واٹر بورڈ انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی ڈپارٹمنٹ ویب سائٹ پر جلد دیگر سہولیات بھی متعارف کرائے گا۔

Tabool ads will show in this div