سپریم کورٹ: 74 دہشتگردوں کی بریت کیخلاف حکومتی اپیلیں سماعت کیلئے منظور
سپریم کورٹ نے74 دہشت گردوں کی بریت کے خلاف وفاقی حکومت کی اپیلیں سماعت کے لیے منظورکرلیں۔
سپریم کورٹ نے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے پرعمل درآمد روکتے ہوئے وفاقی کی اپیلوں پرحتمی فیصلے تک مبینہ دہشت گردوں کو رہا نہ کرنے کا حکم دے دیا ۔
فوجی عدالتوں سے سزائیں پانے والے 74 دہشتگردوں کو پشاور ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں بری کردیا تھا۔
اپیلوں کی سماعت جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے کی۔ عدالت نے تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔
ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف وزارت دفاع نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ اٹارنی جنرل کی جانب سے دائر اپیلوں میں مؤقف اختیارکیا گیا کہ بری کئےگئے مجرمان دہشت گردی کےسنگین واقعات میں ملوث تھے۔ پشاورہائیکورٹ نےحقائق کو مدنظررکھےبغیرانہیں رہا کردیا۔
سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ ہائیکورٹ کےفیصلےکوکالعدم قراردےکر فوجی عدالتوں کےفیصلےبحال کئےجائیں ۔