شہروں میں تعلیمی اداروں میں چھٹی،پنجاب میں موبائل سروس معطل

سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پنجاب کے مختلف شہروں میں آج بروز جمعہ موبائل فون سروس معطل رہے گی، جب کہ ملک کے مختلف شہروں میں آج تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی اور وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اطلاعات کے مطابق راول پنڈی، اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موبائل فون سروس جمعہ کی صبح آٹھ بجے سے مغرب تک معطل رہے گی۔

دوسری جانب پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں جمعہ کے روز اکثر سرکاری اور نجی اسکول اور کالج بند رہیں گے، جب کہ سندھ حکومت کے تحت چلنے والے اور پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشنز نے بھی جمعہ کے روز کراچی میں تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ثانوی تعلیمی بورڈ نے انٹر کے سپلیمنٹری پیپرز بھی ملتوی کر دیئے ہیں۔

 

پرائیویٹ اسکولز کی ایک تنظیم نے بھی جمعہ کے روز اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا ہے، تاہم یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز صبح معمول کے مطابق کھلی رہے گی۔ وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے واضح کیا ہے کہ صوبے کے دیگر شہروں میں تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے۔

امن وامان کی صورت حال کے سبب پنجاب کی تمام یونیورسٹیاں، کالج اور اسکول آج جمعہ کو بند رہیں گے۔ پنجاب اور سندھ میں دئیے جانے والے دھرنوں کے باعث بلوچستان آنے والی ٹرینوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔

جامعہ پشاور کے زیر انتظام کالجز اور اسکولز بھی جمعہ کے روز بند رہیں گے، تاہم یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات کھلے رہیں گے، نجی اسکولوں کی 2ایسوسی ایشنز نے بھی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے، تاہم مشیر تعلیم خیبر پختون خوا ضیاء اللہ کے مطابق صوبےکے تمام سرکاری اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔

بلوچستان میں بھی صوبے کے تمام نجی و سرکاری اسکولز اور کالجز بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم کنٹرولر ثانوی تعلیمی بورڈ عباد اللہ شاہ غرشین کے مطابق ایف اے اور ایف ایس سی کے ضمنی امتخانات معمول کے مطابق ہوں گے۔

mobile phone service

schools closed

KHADIM HUSSAIN RIZVI

TLP

AasiaBibi

Tabool ads will show in this div