صدر عارف علوی تین روزہ دورے پر ترکی پہنچ گئے

Oct 28, 2018

صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی رجب طیب اردگان کی دعوت پر ترکی کے تین روزہ دورے پر آج اتوار کو استنبول پہنچ گئے ہیں۔

ڈپٹی گورنر استنبول ، پاکستانی سفیر اور اعلی حکام نے ایئرپورٹ پر استقبال کیا ۔

اپنے دورہ کے دوران صدر مملکت ترک ہم منصب طیب اردگان سمیت دیگر ممالک کی قیادتوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

ڈاکٹر عارف علوی استنبول کے نئے تعمیر کئے گئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت اور خطاب کریں گے۔

افتتاحی تقریب میں دیگر ممالک کے صدور اور وزرائے اعظم بھی شرکت کریں گے۔ صدر مملکت کی پاکستان واپسی ممکنہ طور پر بدھ کو ہو گی۔

اپنے پہلے غیرملکی دورے میں ترکی روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو انہوں نے کہا تھا کہ ترکی میں جمہوریت کے دیپ ایردوآن نے روشن کیے۔

صدر مملکت نے کہا کہ دنیا کی سازشوں کے باوجود ترکی میں جمہوریت پروان چڑھ رہی ہے۔ ترکی کے لوگ ہمارے دوست اور بھائی ہیں تحریکِ خلافت سے آج تک ترکی ہمارا دوست ملک ہے، اس نے ہمیشہ ہر معاملے میں ہمارا ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے سعودی صحافی جمال خاشق جی قتل کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا ۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ جمال خاشق جی کے قتل کے حوالے سے پاکستان کا کوئی کردار نہیں ہے ، پاکستان صرف یہی چاہتا ہے کہ ترکی اور سعودی عرب کے تعلقات استوار رہیں اور اس بات کو منطقی نتیجے تک پہنچایا جائے ۔

عارف علوی نے مہنگائی کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا حکومت بڑی مستحکم ہے، تحریکِ انصاف نے ملکی معیشت کو کم سے کم سانس لینے کے قابل بنا دیا ہے، بحران سےبھی جلد نکل آئیں گے۔

صدر مملکت نے دو ٹوک الفاط میں بتادیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ نہ ہی تعلقات استوار کئے جا رہے ہیں اور نہ ہی ایسی کوئی تجویز زیر غور ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسرائیل سے کوئی طیارہ پاکستان نہیں آیا۔

ARIF ALVI

Turkey visit

Tabool ads will show in this div