رکشے اورفالودے والے کے بعد دھوبی بھی کروڑ پتی بن گیا

Oct 26, 2018

[video width="640" height="360" mp4="https://i.samaa.tv/wp-content/uploads/sites/11//usr/nfs/sestore3/samaa/vodstore/urdu-digital-library/2018/10/Dhobi-Fake-Account-Khi-Pkg-25-10.mp4"][/video]

فالودے اوررکشہ والے کے بعد اب دھوبی بھی کروڑ پتی بن گیا ۔ ٹنڈو محمد خان کے طارق سعید کو جے آئی ٹی نے نوٹس بھیجا ہے۔ دو سو روپے ديہاڑي کمانے والے کے جعلي اکاؤنٹ ميں ايک کروڑ چار لاکھ روپے نکلے۔

جے آئی ٹی کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس کے مطابق دھوبی کے اکاؤنٹ میں ایک کروڑ 4 لاکھ روپے موجود ہیں۔ نوٹس کے تحت طارق کو تفتیش کیلئے کراچی بلایا گیا ہے جبکہ ساتھ متعلقہ دستاویزات لانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

دو سو روپے ديہاڑي کمانے والے غریب دھوبی کا کہنا ہے کہ مزدور آدمی ہوں اور دو سو روزانہ کماتا ہوں، سمجھ سے باہرہے کہ اتنی رقم کہاں سے آئی۔

عدالت کی جانب سے تشکیل دی جانے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم سندھ ميگا منی لانڈرنگ اسکینڈل کے تحت 50 سے زائد جعلی اکاؤنٹس کی تفتیش کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ اسی اسکینڈل میں اس سے قبل کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کے رہائشی فالودے والے کے اکاؤنٹ میں بھی 2ارب 25 کروڑروپے کی موجودگی کاانکشاف ہوا تھا۔ فالودے والے کا کہنا تھا کہ میں غریب آدمی اور ان پڑھ ہوں جو اردو میں بھی دستخط نہیں کرسکتا تو انگریزی میں کیسے کروں گا۔

جے آئی ٹی کی تفتیش میں لاڑکانہ کے ایک طالبعلم کے نام پر بھی بڑی تعمیراتی کمپنی کا اکاونٹ بھی سامنے آچکا ہے جس میں ڈیڑھ ارب روپے تک کی رقم سال 2013 سے 2014 کے درمیان نکالی گئی لیکن جس کے نام اکاونٹ تھا وہ بےخبرہی رہا۔

JIT

money laundring

Sindh money laundring sacndal

Sindh mega corruption case

dhobi fake account