اسلام آباد،یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کا احتجاج تیسرے روز میں داخل
ملک بھر سے آئے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ملازمین کا اسلام آباد میں احتجاج اور دھرنا تیسرے روز بھی جاری ہے۔ انتظامیہ نے مظاہرین کو پارلیمنٹ ہاؤس جانے سے روک دیا۔
اسلام آباد میں مظاہرہ کرنے والے یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین ڈی چوک پر دھرنا دے کر بیٹھ گئے ہیں۔ ملازمین تنخواہوں میں اضافے، خالی آسامیاں پر کرنے اور کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔
قبل ازیں منگل کے روز یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین نے ہیڈ آفس سے ڈی چوک تک ریلی نکالی، مظاہرین نے پارلیمنٹ ہاؤس جانے کی کوشش کی، تو اس موقع پر پولیس نے مظاہرین کو مزید آگے جانے سے روک دیا۔
مطالبات پر ڈٹے مظاہرين کا کہنا تھا کہ جب تک ڈيلي ويجز ملازمين کو مستقل نہيں کيا جائے گا، احتجاج ختم نہيں کريں گے۔
واضح رہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ملازمین کی جانب سے کیے جانے والے مظاہرے میں ملک بھر سے ملازمین شرکت کر رہے ہیں۔