ڈی چوک پریوٹیلٹی اسٹورز کے ہزاروں ملازمین کا دھرنا جاری
اسلام آباد میں یوٹیلیٹی اسٹورزکارپوریشن کی ممکنہ نجکاری کےخلاف ملازمین کا دھرنا دوسرے روز بھي جاری ہے۔ ہزاروں مظاہرین ڈی چوک پرموجود ہیں۔ مطالبات تسلیم ہونے کا نوٹیفکیشن جاری ہونے تک ملازمین نے گھر جانے سے انکار کردیا۔
یوٹیلیٹی اسٹورزکارپوریشن کےہزاروں ملازمین کے مطالبات ہیں کہ ادارے کی ممکنہ نجکاری روکی جائے، بقایا جات کی ادائیگی کی جائے ، ڈیلی ویجرزاورکنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا جائے۔
گزشتہ روزملک بھر سے جمع ہونے والے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ملازمین نے پارلیمنٹ ہاؤس جانے کی کوشش کی تھی جس پر راستےمیں خار دار تاریں بچھا دی گٗئیں جبکہ لیڈی پولیس سمیت سکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق مظاہرین سے بات کرنے پہنچے تو کہا کہ تمام کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجزملازمین کو مستقل کیا جائے گا، ہماری حکومت کسی کے روزگار پرلات نہیں مارے گی۔ تمام ملازمین کو ہیلتھ کارڈ جاری کیا جائے گا جبکہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم سے آپ سب کو ایک ایک گھر بھی دیا جائے گا۔
نعیم الحق کی یقین دہانیوں پرمظاہرین نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے لالی پاپ، لالی پاپ کے نعرے لگا دیے اور مطالبہ کیا کہ دعوے نہیں نوٹیفکیشن چاہیے۔
احتجاجی ملازمین کا موقف تھا کہ تبدیلی سرکاری کے تسلی دلاسوں پر دھرنا ختم کرنے والے نہیں جب تک حکومت مطالبات کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کرتی احتجاج جاری رہے گا ۔