آصف زرداری، فضل الرحمان میں حکومت کیخلاف عدم اعتماد قرارداد لانے پر مشاورت
سابق صدر آصف علي زرداري نے متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کي جس میں گرینڈ الائنس اور حکومت کیخلاف مشترکہ قرارداد لانے پر مشاورت ہوئی۔
ملاقات کے بعد ميڈيا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اگلے ہفتے اپوزيشن کي پارليماني جماعتوں کو آل پارٹيز ميٹنگ کي دعوت دي جائے گي جس ميں قوم کو آئندہ کي حکمت عملي ديں گے، اے پي سي کیلئے تاریخ کا اعلان کل کیا جائے گا۔
ایم ایم اے سربراہ نے کہا کہ تحریک انصاف کو جعلی اکثریت حاصل ہے، اسے حکومت کا حق ہی نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لاہور میں نواز شریف سے ملا تھا اور بات ہو چکی ہے۔
سابق صدر نے کہا کہ جمہوريت کے لئے پچھلے دس سال کوششيں کيں، ليکن اب انہيں جمہوري طاقتيں کمزور نظر آ رہي ہيں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ جمہوريت کي بقا کيلئے کام کرتے رہيں گے، موجودہ حکومت سے ملک سنبھلتا نہيں دکھائي دے رہا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مقصد حکومت گرانا نہیں بلکہ جمہوریت کو بچانا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے سعودی عرب روانہ ہوتے ہی مولانا فضل الرحمان اور آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات ہوئی۔ واضح رہے کہ ملک میں نئي نويلي حکومت کيخلاف گرینڈ الائنس بنانے اور مشترکہ قرارداد لانے کي چہ مگوئیاں ہو رہي ہيں۔