گلگت، بہسل پہاڑ میں پھنسے 20 میں سے 8 مزدور نکال لیے گئے

کچھ افراد تاحال مختلف مقامات پر پھنسے ہیں

گلگت بلتستان کے علاقہ دیامر اور ہزارہ ڈویژن کے درمیان واقع بہسل نالے کے اطراف پہاڑ میں پھنسے 20 میں سے  8 مزدوروں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے جبکہ دیگر کی تلاش تاحال جاری ہے۔

ہزارہ ڈویژن کے سیاحتی علاقے جلکھڈ اور دیامر کے سیاحتی علاقے گھٹی داس کے درمیان واقع بہسل نالے کی چوٹی پر قیمتی پتھروں کی کانیں ہیں جہاں ایک عرصے سے لوگ لیز پر یہ کام کرتے ہیں۔ اس علاقے میں اکثر موسم خراب رہتا ہے۔ اس لئے اکثر کان میں کام کرنے والے مزدور پھنس جاتے ہیں۔

 پچھلے سال بھی اچانک موسم کی خرابی کی وجہ سے اس طرح کا واقعہ  پیش آیا تھا جس میں ایک کان کن جاں بحق ہوگیا تھا۔

 

یہ بھی پڑھیں: گلگت: شدید برفباری کے باعث 20 کان کن دو دن سے لاپتہ

 

اس بار بھی اچانک موسم کی خرابی کی وجہ سے 16 اکتوبر کو چلاس سے تعلق رکھنے والے 15 سے 20 مزدور لاپتہ ہوگئے تھے جن میں 8 کو تلاش کیا جاسکا ہے۔

ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق نے کہا ہے کہ ریسکیو کیے گئے 8 مزدوروں کو بحفاظت ناران پہنچایا گیا ہے۔ ان 8 مزدوروں کا تعلق چلاس کے علاقہ گوہر آباد سے ہے۔

فیض اللہ فراق کا کہنا ہے کہ کچھ افراد تاحال مختلف مقامات پر پھنسے ہیں جن کو بحفاظت نکالنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

Miner

Tabool ads will show in this div