سمندر پار پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے کا بھی حق دینا چاہئے، فاروق ستار
ڈاکٹر فاروق ستار نے پی ٹی آئی کی حمایت کردی، کہتے ہیں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا فیصلہ خوش آئند ہے، سمندر پار پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے کا بھی حق دینا چاہئے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے ناراض رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار کہتے ہیں کہ 25 جولائی 2018ء کے انتخابات میں اچھا خاصہ سلیکشن بھی تھا، الیکشن کمیشن کو اس قدر دباؤ میں لانے کے متحمل نہیں ہوسکتے کہ گنتی کے وقت کیمرے بند ہوں اور پولنگ ایجنٹس کو نکال دیا جائے، آر ٹی ایس بھی بند ہوتا ہے یہ کیسا الیکشن ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ میں اوورسیز پاکستانیوں کی وزارت سنبھال چکا ہوں، میں نے بہت کوشش کی تھی تاہم پیپلزپارٹی نے ساتھ نہیں دیا، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ دینے کا پی ٹی آئی کا فیصلہ خوش آئند ہے، اس سے فائدہ ہوگا، سمندر پار پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے کا بھی حق دینا چاہئے۔
مزید جانیے : سمندر پار پاکستانیوں کی انٹرنیٹ کے ذریعے ووٹنگ کےعمل میں شرکت
واضح رہے کہ سپریم کورٹ پاکستان کی ہدایت پر الیکشن کمیشن پاکستان نے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا فیصلہ کیا، بیرون ملک مقیم 7 ہزار سے زائد پاکستانیوں نے ووٹ کیلئے رجسٹریش کرائی جبکہ تقریباً 76 فیصد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔