انتخابات میں دھاندلی کا الزام، ثبوت ہیں تو سامنے لائیں، ترجمان پاک فوج
ضمنی انتخابات سے صرف ایک دن قبل پاک فوج کا بڑا بیان سامنے آگیا، ترجمان کا کہنا ہے کہ فوج پر الیکشن میں دھاندلی کا الزام لگایا گیا، کسی کے پاس ثبوت ہیں تو لے آئے، فوج میں احتساب کا کڑا نظام ہے، تمام اداروں کو مضبوط ہونا چاہئے، سیاسی اختلافات کو قومی سلامتی پر ترجیح نہ دی جائے۔ انہوں نے بھارت کو خبردار کیا کہ ایک وار کے جواب میں ہم 10 وار کریں گے۔
لندن میں پاکستان کے ہائی کمیشن میں ڈی جی آئی ایس پی آر آصف غفور نے صحافیوں سے اہم امور پر گفتگو کی، کہتے ہیں کہ پاکستان میں الیکشن صاف و شفاف ہوئے، عوام نے خواہش کے مطابق ووٹ ڈالا، فوج پر الیکشن میں دھاندلی کا الزام لگایا گيا، اگر کسی کے پاس ثبوت ہے تو لے آئے، فوج کا یہ ماننا ہے کہ موجودہ انتخابات کے تاریخ کے شفاف ترین الیکشن تھے۔
جولائی 25 کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد سابق حکمراں جماعت مسلم لیگ ن کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، پاکستان تحریک انصاف نے وفاق اور پنجاب میں حکومت بنائی، جس پر بار بار یہ الزامات سامنے آئے کہ انتخابات میں دھاندلی کی گئی اور پی ٹی آئی کو جعلی مینڈیٹ دلایا گیا۔
ترجمان پاک فوج نے کفایت شعاری مہم کی بھی حمايت کردی، کہتے ہیں کہ فوج سے متعلق گاڑیوں کی خریداری کا خط جعلی تھا، فوج میں احتساب کا کڑا نظام ہے، پاک فوج بھی کفایت شعاری کے حق میں ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت ایک وار کرے گا ہم 10 جوابی وار کریں گے، پاکستان واحد ملک ہے جو سب کے ساتھ دوستی کا خواہاں ہے، تاہم ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان ہر آنے والے دن کے ساتھ بہتری کی جانب بڑھ رہا ہے، سسٹم بہتر ہو تو ملک ترقی کرتا ہے، سسٹم مضبوط ہو تو حکومت کا حکم مانا جاتا ہے۔
وہ بولے کہ تقریباً تمام مسلم ممالک بے سکونی کا شکار ہیں، پاکستان کو سب سے زیادہ دہشت گرد کا سامنا رہا، میڈیا، عوام اور فوج نے دہشت گردی خلاف کام کیا، قوم نے 75 ہزار سے زائد جانوں کی قربانیاں دیں، قومی یکجہتی سے کوئی انکار نہیں کرسکتا، جمہوریت میں اختلاف رائے ضرور ہوتا ہے۔
میجر جنرل آصف غفور نے مزید کہا کہ تمام اداروں کو مضبوط ہونا چاہئے، فوج اس وقت منظم ہے، جس پر سب اعتماد کرتے ہیں، فوج دہشت گردوں سے لڑ رہی ہے جبکہ یہ کام پولیس کا تھا، پولیس کو فعال بنانے کیلئے اصلاحات اور ترمیمی بل لانے چاہئیں۔
مدارس سے متعلق ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ مدارس نہیں ان میں پڑھایا جائے والا نصاب مسائل کا سبب ہے، ہر مسئلے کے پیچھے فوج نہیں ہوتی، سیاسی اختلافات کو قومی سلامتی پر ترجیح نہ دی جائے۔
لاپتہ افراد سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شناخت کوئی نہیں بتاتا کہ کون مسنگ پرسن ہے، وضاحت کوئی نہیں دیتا۔
برطانیہ کے دورے سے متعلق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کہتے ہیں کہ باہمی تعلقات میں بہتری کے معاملات پر بات چیت ہوئی، کرپشن سے متعلق معاملات میں فوج کا کوئی کردار نہیں، پاک فوج کی اولین ترجیح قومی سلامتی ہے۔