بلوچستان میں ضمنی الیکشن کی تیاریاں مکمل
بلوچستان کے حلقے پی بی 35 مستونگ اور پی بی 40 خضدارمیں 14 اکتوبر کو ضمنی الیکشن ہونے جا رہے ہیں ،جہاں بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل پاک فوج کی نگرانی میں مکمل ہو چکا ہے۔ پی بی 35 مستونگ میں جنرل الیکشن کے دوران امیدوار نوابزادہ سراج رئیسانی پر خودکش حملے کے بعد الیکشن ملتوی کئے گئے تھے ،جب کہ پی بی 40 خضدار میں بی این پی مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل نے قومی اسمبلی کی نشست رکھتے ہوئے یہ نشست خالی کی تھی۔
بلوچستان کے 2 حلقوں میں پی بی 35 مستونگ اور پی بی 40 خضدارمیں اتوار کو ہونے والے ضمنی الیکشن کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں ، پولنگ کےسامان کی ترسیل جاری ہے۔ دوسری جانب بلوچستان کے ان دونوں حلقوں کو حساس ترین قرار دیا جارہا ہے،جب کہ عام انتخابات میں بھی بلوچستان کے 9 حساس ترین حلقوں میں مذکورہ دونوں حلقے شامل تھے۔
پی بی مستونگ 35 سےسابق وزیراعلیٰ بلوچستان محمد اسلم رئیسانی کا مقابلہ بلوچستان عوامی پارٹی کے سردار نور احمد بنگلزئی سے ہوگا جب کہ پی بی 40 وڈھ خضدار سے بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے حمایت یافتہ میر اکبر مینگل کا کانٹے دارمقابلہ جھالاوان عوامی پینل کے سربراہ میر شفیق الرحمن مینگل سے ہوگا۔
بلوچستان کی تاریخ کا حساس ترین ضمنی الیکشن
بلوچستان میں ضمنی الیکشن کے لیے مذکورہ دونوں حلقوں میں حلقہ پی بی 35 مستونگ میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد107188 ہے جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 62403 جب کہ خواتین ووٹرز کی تعداد 44785ہے،اسی طرح حلقہ پی بی 40 خضدار میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 76213 ہے،جس میں 44536 مرد اور 31677 خواتین ووٹرز ہیں۔
حلقہ پی بی 35 مستونگ میں کل 105 پولنگ اسٹیشنز ہیں۔جن میں سے 41 انتہائی حساس، 62 حساس دو نارمل ہیں۔پی بی35 میں 28 مرد، 26 خواتین، اور 51 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز ہیں۔ پی بی 35 میں 304 پولنگ بوتھ ہیں جن میں سے 179 مرد اور 125 حواتین پولنگ بوتھ ہیں۔
جبکہ پی بی 40 خصدار کے 93 پولنگ اسٹیشنز ہیں اور تمام 93 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار دیئے جاچکے ہیں۔پی بی 40 میں 3 مرد، دو خواتین، 88 مشترکہ اور 4 امپرواہئزڈ پولنگ اسٹیشنز ہیں۔ پی بی 40 میں ٹوٹل 271 پولنگ بوتھ ہیں جن میں سے 146 مرد اور 125 خواتین پولنگ بوتھ ہیں۔
پولنگ کے دن سیکورٹی کے بڑے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔پولنگ اسٹیشنز کے اندر و باہر فوج ایف سی پولیس اور لیویز کے جوان تعینات رہیں گے۔ تمام انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیئے جائیں گے۔حلقہ پی بی 35 پر 28 جبکہ پی بی 40 میں 8 امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، پولنگ 14 اکتوبر 2018 کو صبح 8 سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہےگا۔