گرفتاریاں صرف شریف برادران کیلئے ہیں؟، شاہد خاقان عباسی کا سوال
سابق وزيراعظم شاہد خاقان عباسی کہتے ہيں کيا گرفتارياں صرف شريف برادران کیلئے ہيں؟، اگر نيب پکڑنا چاہتا ہے تو تمام ملزمان کو پکڑے، اليکشن سے قبل اس طرح کے ہتھکنڈے پريشر بڑھانے کیلئے کئے گئے ہيں۔
سماء سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے شہباز شریف کی گرفتاری پر سوالات اٹھادیئے، بولے کہ کیا گرفتاریاں صرف شریف برادران کیلئے ہیں؟، نیب کو چاہئے کہ وہ تمام ملزمان کو پکڑے۔
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہتھکنڈے اليکشن سے قبل پريشر بڑھانے کیلئے ہيں، پہلے بھی ناکام ہوئے ہیں آئندہ بھی ہوں گے۔
مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو آشیانہ ہاؤس اسکیم اسکینڈل میں نیب نے گزشتہ روز احتساب عدالت سے گرفتار کیا تھا۔
شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں کہ کسی بھی ملک میں لیڈر آف دی اپوزیشن کو گرفتار نہیں کیا جاتا، پہلے بھی سہا اب بھی سہہ لیں گے، شہباز شریف کو بھی قانونی سہولیات ملنی چاہئیں۔