کچھ نہ کرنے والی حکومت انتقام پر اتر آئی ہے، مریم اورنگزیب

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کچھ نہ کرنے والی حکومت انتقام پر اتر آئی ہے۔ نیب اور دیگر اداروں کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں بیان ریکارڈ کرانے کے لیے بلاکر آشیانہ اسکیم میں گرفتار کیا گیا حالانکہ آشیانہ اسکیم میں کرپشن کی نشاندہی خود شہبازشریف نے کی تھی۔
مریم اونگزیب نے کہا کہ حکومت ضمنی اليکشن سے پہلے بوکھلاہٹ کا شکار ہے جس کی وجہ سے انتقامی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں لیکن ہم حوصلہ نہیں ہاریں گے، آمرانہ دورمیں ایسےحالات دیکھ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مخالفین کو اصل تکلیف ن لیگ کےنہ ٹوٹنےکی ہے۔ حالات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ قانونی ماہرین سے مشورے کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی چاہتی ہے ہم سڑکیں بندکریں مگر ہم ایسا نہیں کریں گے۔ کارکنان قائدین کی حکمت عملی کاانتظارکریں۔ پر امن اورپرسکون رہیں۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان نے کہا کہ اوچھے ہتھکنڈے قانون کی خلاف ورزی اور ملک دشمنی ہے۔ نیب آزاد نہیں، اگر آزاد ہے تو وزراء کے خلاف کارروائی کرے۔