بلوچستان کی 2 صوبائی، ایک قومی اسمبلی کی نشست کا الیکشن کالعدم قرار

الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے بلوچستان کے حلقہ پی بی 5 دکی، پی بی 21 قلعہ سیف اللہ اور این اے 258 میں الیکشن کالعدم قرار دے کر دوبارہ پولنگ کا حکم دے دیا گیا۔

الیکشن 2018ء میں حلقہ پی بی 5 دکی سے سردار مسعود علی خان لونی آزاد امیدوار کی حیثیت سے  13 ہزار 322  ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے، کامیاب ہونے کے بعد انہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی تھی جبکہ دوسرے نمبر پر آنیوالے بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار سردار دُر محمد ناصر نے 6 ہزار 887 ووٹ لئے تھے اور جمعیت علماء اسلام کے امیدوار سردار یحییٰ خان ناصر 5 ہزار 881 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہےتھے۔

حلقہ پی بی 5 دکی میں کل ووٹرز کی تعداد52 ہزار 598 تھی جس میں مرد ووٹرز کی تعداد30،034 اور خواتین ووٹرز کی تعداد22،545 تھی، یہاں  مجموعی طور پر  75 پولنگ اسٹیشن ہیں۔

بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار سردار دُر محمد ناصر اور جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار سردار یحییٰ خان ناصر کی جانب سے حلقے میں مبینہ دھاندلی کا کیس دائر کیا گیا تھا جس پر آج الیکشن کمیشن نے فیصلہ سناتے ہوئے انتخاب کالعدم قرار دے کر دوبارہ پولنگ کا حکم دے دیا۔

دوسری جانب پی بی 21 قلعہ سیف اللہ سے اے این پی کے زمرک خان 10 ہزار 240 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ ان کے مد مقابل پاکستان تحریک انصاف کے شُکر الدین محض 427 ووٹوں کے فرق سے ہار گئے تھے، مبینہ دھاندلی کی شکایت پر اس حلقے کا انتخاب بھی کالعدم قرار دیتے ہوئے دوبارہ پولنگ کا حکم دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 258 لورالائی، دکی، زیارت، ہرنائی، موسیٰ خیل میں بھی انتخاب کالعدم قرار دے کر دوبارہ پولنگ کا حکم دے دیا۔ اس نشست پر بلوچستان عوامی پارٹی کے سردار اسرار خان ترین نے 42 ہزار 938  ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار مولانا امیر زمان نے 38 ہزار 457 ووٹ لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی تھی، مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار محمد یعقوب خان ناصر نے 25 ہزار 792 ووٹ حاصل کئے تھے۔

این اے 258 میں کل ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 47 ہزار 627 ہے، جس میں مرد ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 13 ہزار 727 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 33 ہزار 900 ہے،  اس حلقے پر امیر زمان اور سردار محمد یعقوب خان ناصر نے مبینہ دھاندلی کیس دائر کیا تھا جس پر آج الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فیصلہ سناتے ہوئے دوبارہ انتخاب کرانے کا حکم دیا۔

ELECTION COMMISSION

Election 2018

Dukki

Qilla saif ullah

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div