کالمز / بلاگ

ڈارک چاکلیٹ کے ہماری صحت پر اثرات 

تحریر: ڈاکٹر چوہدری تنویر سرور

قارئین! اللہ تعالی نے ہمارے لئے دنیا میں جو جو نعمتیں پیدا کی ہیں اس کے لئے ہمیں خدا کا شکر بجا لانا چاہیئے جیسے سبزیوں اور پھلوں میں اللہ تعالیٰ نے ہماری صحت کے لئے کئی وٹامنز رکھے ہیں، اسی طرح چاکلیٹ میں بھی ہمارے لئے کئی فوائد اور نقصانات ہیں جن کا ذکر میں آگے جا کر کروں گا۔ چاکلیٹ کو جہاں بچے پسند کرتے ہیں وہاں یہ بڑوں کی بھی پسندیدہ ہے لیکن نوجوان لڑکے اور لڑکیاں اسے بڑے شوق سے کھاتے ہیں۔ اس کے علاوہ چاکلیٹ سے بنی اشیاء بھی بہت شوق سے کھائی جاتی ہیں جیسے چاکلیٹ کیک اور چاکلیٹ آئس کریم وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں سالانہ سو ارب ڈالر کی چاکلیٹ اور اس سے بنی مصنوعات استعمال کی جاتی ہیں جس سے آپ اس کی پسندیدگی کا بخوبی اندازہ لگا سکتے ہیں۔ امریکہ کے شہر بوسٹن میں ایک ایسی چاکلیٹ تیار کی گئی ہے جو دوا کے طور پر استعمال کی جائے گی چاکلیٹ کی کئی اقسام ہیں جن میں ملک چاکلیٹ، وائیٹ چاکلیٹ، ڈارک چاکلیٹ اور سادہ چاکلیٹ ہیں۔ ان میں سادہ چاکلیٹ فائدہ مند ہے جبکہ وائیٹ چاکلیٹ کو چینی سے تیار کیا جاتا ہے اس لئے یہ زیادہ نقصان دہ ہے جبکہ ڈارک چاکلیٹ بھی مفید قرار دی گئی ہے اس لئے میں آج آپ کو ڈارک چاکلیٹ سے متعلق معلومات فراہم کروں گا۔ ڈارک چاکلیٹ میں آئرن، کوکو، پوٹاشیم، فاسفورس، زنک، سلینیم، فائبر، کاپر اور میگنیشئیم پایا جاتا ہے اس لئے یہ ہماری صحت کو برقرار رکھنے میں مفید ہوتی ہے۔ باہر سے آنی والی چاکلیٹ ہمیں احتیاط سے کھانے کی ضرورت ہے کیونکہ اس میں بعض ممالک وائن وغیرہ کا استعمال کرتے ہیں جو ہمارے لئے حرام ہے یورپ والوں نے اس کی پسندیدگی دیکھتے ہوئے لندن اور پیرس میں چاکلیٹ سے بنے ملبوسات کی نمائش کا اہتمام کیا جسے وہاں کی شہریوں نے بہت سراہا۔

امریکہ میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق ڈارک چاکلیٹ اچھے کولیسٹرول کی سطح کو بڑھاتی ہے۔ اس کے علاوہ ڈارک چاکلیٹ دل کے لئے بھی مفید ہے اور دیکھا گیا کہ ذیابیطس کے مریضوں کے خون میں شوگر لیول بھی نارمل رہا اس لئے یہ کہنا درست ہوگا کہ ڈارک چاکلیٹ دل اور ذیابیطس کے مریضوں کے لئے فائدہ مند ہے لیکن اس کے لئے اپنے ڈاکٹر سے ہدایت لے کر اس کا استعمال کریں کیونکہ وہی اس کی مقدار کا تعین کرے گا کہ آپ کو کتنی مقدار میں کب اور کیسے کھانی ہے۔ میرے خیال میں اس کا صرف ایک ٹکرا ہی استعمال کریں۔ ڈارک چاکلیٹ موڈ کو بہتر بناتی ہے اس لئے آپ کا موڈ سارا دن خوشگوار رہے گا۔

یہ کوکو سے تیار کی جاتی ہے اور تقریباً ستر فیصد کوکو ایوری کوسٹ اور گھانا میں کاشت کیا جاتا ہے لیکن اب یہاں اس کی کاشت میں کمی واقع ہو رہی ہے اس کی بڑی وجہ یہاں کے موسم میں تبدیلی بتائی جاتی ہے۔ اس کی کمی کی وجہ سے چاکلیٹ بھی کم تیار کی جا رہی ہے اسی لئے مارکیٹ میں چاکلیٹ کی قیمتیں آئے دن بڑھتی رہتی ہیں اگر اس کی پیداوار کو بڑھانا ہے تو پھر کوکو کی پیداوار پر توجہ دینا ہوگی اور نئے نئے طریقے ایجاد کرنے ہوں گے جس سے کوکو کی پیداوار کو بڑھایا جا سکے لیکن مندرجہ بالا ممالک میں کسان موسم کی تبدیلی اور کم پیداوار کی وجہ سے کوکو کی جگہ کچھ اور کاشت کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں جس سے یقیناً پیداوار متاثر ہوگی۔ چاکلیٹ کے کئی فوائد ہیں لیکن اس کے کچھ ننقصانات بھی ہیں۔ مثلاً اگر آپ روزانہ چاکلیٹ کا استعمال کرتے ہیں تو یہ موٹاپے کا باعث بنتی ہے اس کے علاوہ گردوں میں پتھریاں بن جاتی ہیں اور گردے خراب ہو جاتے ہیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ اسے کھبی کھبار ہی کھایا جائے اس کو اپنی عادت نہ بنائیں ورنہ نقصان اٹھا سکتے ہیں کسی بھی چیز کو اعتدال سے کھائیں ورنہ اس کے فائدے کی بجائے ہمیں نقصان ہوتا ہے اور صحت بھی خراب ہو جاتی ہے اب ڈارک چاکلیٹ کے فوائد پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

ذیابیطس سے محفوظ رکھتی ہے اور دل کے لئے مفید ہے، ڈارک چاکلیٹ بلڈ پریشر کو نارمل رکھنے میں مدد کرتی ہے، ڈارک چاکلیٹ کولیسٹڑول کی سطح کو نارمل رکھتی ہے، ڈارک چاکلیٹ ہماری یاداشت کو بہتر بناتی ہے، ڈارک چاکلیٹ ہماری آنکھوں کی روشنی کو تیز کرتی ہے، ڈارک چاکلیٹ ذہنی تناؤ میں کمی لاتی ہے، ڈارک چاکلیٹ کھانسی میں آرام پہنچاتی ہے، ڈارک چاکلیٹ جگر کے لئے بھی فائدہ مند ہے، ڈارک چاکلیٹ سے نیند اچھی آتی ہے، ڈارک چاکلیٹ ہمارے بڑھاپے کی رفتار کو کم کر دیتی ہے یعنی ہم زیادہ عرصہ جوان رہتے ہیں اور بڑھاپا ذرا دیر سے آتا ہے تو چاکلیٹ کا استعمال ضرور کریں لیکن کم کریں۔

HEALTH

dark chocolate

Tabool ads will show in this div