سابق اہلیہ کی تصاویر اپلوڈ کرنے پر ڈی آئی جی گلگت کی گرفتاری کا حکم

سابق اہلیہ کی تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے پر سپریم کورٹ نے ڈی آئی جی گلگت بلتستان جنید ارشد کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔
جنید ارشد کی سابق اہلیہ عائشہ سبحانی نے چیف جسٹس کو درخواست دی تھی جس میں مؤقف اپنایا تھا کہ میرے سابق شوہر نے میری تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی ہیں۔ اس معاملے میں ٹرائل کورٹ سے ضمانت خارج ہونے کے باوجود جنید ارشد کو گرفتار نہیں کیا گیا۔
عائشہ سبحانی کی درخواست پر چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ لاہور بنچ میں سماعت ہوئی۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اس موقع پر ڈی آئی جی جنید ارشد کو فوری گرفتار کرنے اور نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس میں کہا کہ کیا پولیس افسر اپنے آپ کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔ جنید ارشد کو کل تک گرفتار کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔