آئی سی سی ایوارڈز کا اعلان، عمر گل ٹی 20 کے بہترین پرفارمر قرار
اسٹاف رپورٹ
دبئی : آئی سی سی ایوارڈ 2013ء میں ایک مرتبہ پھر پاکستانی اسپنر سعید اجمل کو نظر انداز کردیا گیا، البتہ عمر گل ٹی 20 انٹرنیشنل پرفارمنس آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہے،
آئی سی سی نے سال 2013ء کے ایوارڈز ونر کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا، سعید اجمل ون ڈے رینکنگ میں تو نمبر ون بولر ہیں پر انہیں ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ نہیں دیا گیا، اس ایوارڈ کیلئے سری لنکن کمارا سنگاکارا کو منتخب کرلیا گیا۔
کرکٹر آف دی ایئر اور ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کے دونوں ایوارڈز آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے جیت لئے، رواں سال مارچ میں سنچورین ٹی 20 میں جنوبی افریقہ کیخلاف صرف 14 گیندوں پر 6 رنز کے عوض 5 وکٹیں لینے والے عمر گل آئی سی سی سی کی جانب سے بہترین پرفارمنس کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہے۔
بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی پیپلز چوائس ایوارڈ، چتیشور پچارا ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر اور انگلینڈ کے رچرڈ کیٹل برو سال کے بہترین ایمپائر کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہے، آئی سی سی اسپرٹ آف دی کرکٹ کا اعزاز مہیلا جے وردھنے کے نام رہا۔ سماء